سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی قومی اثاثہ ہیں‘سیدال ناصر
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی قومی اثاثہ ہیں، جو بیرون ملک اپنی محنت، صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ خدمات کے ذریعے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قومی معیشت کے استحکام اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، انہیں درپیش مسائل کا حل اور ان کے لیے مزید سہولیات کی فراہمی ہماری اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، ان کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافے، دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور پاکستان و جاپان کے درمیان باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ملک نور اعوان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی ترقی، خوشحالی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی نہ صرف اپنی محنت اور صلاحیتوں سے بیرون ملک پاکستان کی پہچان بن رہے ہیں بلکہ ترسیلاتِ زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنا رہے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ آنے والے وقت میں پاکستان کی ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ ہوگا، جو ملک کی معاشی ترقی، خوشحالی اور استحکام میں مزید معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں بڑھتی ہوئی دلچسپی دونوں ممالک کے لیے باہمی طور پر مفید اقتصادی مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ جاپانی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی معاشی ترقی، صنعتی استعداد میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔اس موقع پر ملک نور اعوان نے بتایا کہ جاپان میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے مختلف شعبوں، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، فنی و تکنیکی مہارتوں، صنعتی شعبے اور دیگر پیشہ ورانہ میدانوں میں روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں تقریباً 10 سے 15 لاکھ افراد کے لیے جاپان میں مختلف شعبوں کے اندر روزگار کے مواقع حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔انہوں نے جاپان میں ملازمتوں کے حصول کے حوالے سے زبان کی رکاوٹ کو ایک اہم چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپانی زبان سے عدم واقفیت پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے حصول میں بڑی رکاوٹ ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے ملک بھر میں جاپانی زبان کے تعلیمی اداروں اور تربیتی مراکز کے قیام کی ضرورت ہے، تاکہ نوجوانوں کو مطلوبہ لسانی اور فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے جاپان میں دستیاب روزگار کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے قابل بنایا جا سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان کی باصلاحیت افرادی قوت اور جاپان کی جدید ٹیکنالوجی و صنعتی ترقی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات فراہم کرتی ہیں۔ جاپان کی معیاری انجینئرنگ، آٹوموبائل، صنعتی مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت سے پاکستان بھرپور استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تجارت، سرمایہ کاری، روزگار، فنی تربیت اور تعلیمی تعاون کے شعبوں میں روابط کو مزید وسعت دے کر دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط اور اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت دی جا سکتی ہے۔دریں اثنا، سانجرانی آکسن انٹرپرائزز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) اور ڈپلومیٹک فٹبال لیگ کے بانی و آرگنائزر مبشر سانجرانی نے بھی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات کی اور انہیں ڈپلومیٹک فٹبال لیگ سیزن 10 کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔مبشر سانجرانی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ڈپلومیٹک فٹبال لیگ کے اغراض و مقاصد، اب تک کی سرگرمیوں اور آئندہ سیزن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپلومیٹک فٹبال لیگ ایک اہم کھیلوں کا اقدام ہے، جس کے ذریعے مختلف ممالک کے سفارتی مشنز، بین الاقوامی برادری اور فٹبال کے شائقین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جاتا ہے۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد کھیلوں کے ذریعے دوستی، باہمی احترام، ہم آہنگی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کھیلوں کو مختلف ممالک اور اقوام کے درمیان قربت پیدا کرنے، ثقافتی روابط مضبوط بنانے اور مثبت سفارت کاری کے فروغ کا م¶ثر ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک فٹبال لیگ جیسی سرگرمیاں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ عوامی روابط مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے دوستی اور ہم آہنگی کا پیغام عام کرنا ایک قابلِ تحسین کاوش ہے۔واضح رہے کہ ڈپلومیٹک فٹبال لیگ سیزن 10 کی افتتاحی تقریب 13 نومبر 2026ءبروز جمعہ شام 5 بجے سے رات 8 بجے تک مووِن پک ہوٹل اسلام آباد کے بال روم میں منعقد ہوگی۔مزید برآں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے ایک وفد نے ڈاکٹر ثنا اچکزئی اور ظہیر خان ناصر کی قیادت میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ مسائل، بلوچستان کی مجموعی ترقی، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل، عوامی ریلیف، صوبائی ترقیاتی امور اور ملک بھر کی صحافتی برادری کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفد نے صحافیوں کو درپیش مختلف مسائل اور پیشہ ورانہ امور سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ وفد نے بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کو درپیش مختلف مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ صحافت جمہوری معاشرے کا اہم ستون ہے اور صحافی عوامی مسائل کی نشاندہی، حقائق کی آگاہی اور معاشرتی بہتری میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ مشکلات کا ازالہ اور ان کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام صوبوں کی متوازن ترقی، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی مسائل کا م¶ثر حل قومی ترقی کے بنیادی تقاضے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوامی فلاح و بہبود اور صوبوں کی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں اور م¶ثر اقدامات کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
