dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

سیاست عوامی حقوق اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کا نام ہے‘گورنر بلوچستان

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ سیاست دراصل عوامی حقوق و اختیارات کی پاسداری اور اجتماعی دانش کے ذریعے تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کا نام ہے۔ ایک سیاستدان کی عظمت، بردباری اور سیاسی میچورٹی کا اصل معیار عوام کے ساتھ اسکا براہِ راست تعلق، پولیٹیکل ڈائیلاگ اور جمہوری اقدار کے فروغ میں پوشیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاو¿س کوئٹہ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم نفرت، بدگمانی اور غلط فہمیوں کی دیواریں گرا کر محبت، اعتماد اور افہام و تفہیم کے پل تعمیر کریں جس کیلئے معاشرے کے ہر ذی شعور شخص کو اپنا مثبت و تعمیری کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ خوف، بداعتمادی اور بیگانگی کی فضا ختم کرکے باہمی روابط میں حائل خلیج کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا منفرد سماجی اور سیاسی تشخص مختلف اقوام، زبانوں اور مذاہب کے حسین امتزاج سے عبارت ہے۔ یہ تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ ایک قیمتی اجتماعی اثاثہ ہے۔ اس تناظر میں یہی تنوع یہاں تمام اقوام اور مذاہب کی بنیادی ضرورت ہے۔ جعفر خان مندوخیل نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آج بھی بلوچستان کے عوام کے درمیان مشترکات زیادہ ہیں۔ یہی مشترکہ اقدار، روایات اور باہمی وابستگیاں ہمیں ایک دوسرے کے قریب لانے اور پائیدار سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہیں۔ گورنر بلوچستان نے مزید کہا کہ ہمیں مایوسی کا شکار ہونے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ قدرتی وسائل، معدنی ذخائر اور جغرافیائی محلِ وقوع کے اعتبار سے بلوچستان بے پناہ امکانات کا حامل صوبہ ہے۔ ہمارے پاس وہ روشن مواقع اور وسائل موجود ہیں جنہیں منصوبہ بندی، حکمتِ عملی اور اجتماعی کوششوں کے ذریعے بروئے کار لا کر ہم دوسرے صوبوں کے برابر ترقی کی منزل حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان امکانات کو عملی ترقی میں تبدیل کرنے کیلئے سیاسی بردباری، عوامی شرکت، ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ قومی و صوبائی وڑن ناگزیر ہیں۔ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کا راستہ باہمی اعتماد، جمہوری رویوں، تنوع کے احترام اور عوامی حقوق و اختیارات کے تحفظ سے ہو کر گزرتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More