اساتذہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی اداروں کی بہتری کےلئے پرعزم ہےں، نور محمد دمڑ
کوئٹہ، صوبائی وزیر خوراک بلوچستان حاجی نور محمد خان دمڑ نے یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ استاد قوم کا معمار اور روشن مستقبل کا ضامن ہے۔ استاد کو عزت و تکریم دینا دراصل علم، اخلاق اور ترقی کو عزت دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات میں بھی استاد کو روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے۔ ایک استاد ہی ہے جو اندھیروں میں علم کی شمع روشن کر کے نسلوں کو جہالت سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرتا ہے۔حاجی نور محمد دمڑ نے کہا کہ بلوچستان حکومت، وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ حکومتی پالیسی کے مطابق صوبے میں تعلیمی اداروں کی بہتری، اساتذہ کی فلاح و بہبود، میرٹ پر بھرتیوں، اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی انقلاب کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں اساتذہ کا کردار کسی مجاہد سے کم نہیں جو سخت حالات، وسائل کی کمی اور مشکلات کے باوجود علم کی روشنی پھیلا رہے ہیں۔ حکومت بلوچستان اپنے اساتذہ کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔صوبائی وزیر نے تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اساتذہ کے مشکور ہیں اور ان کی عزت و تکریم کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتے رہیں گے۔
