گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دہپال خورد سبی میں ورلڈ ٹیچرز ڈے کی پروقار تقریب، اساتذہ کی خدمات کو خراجِ تحسین
سبی: پانچ اکتوبر کو ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول دہپال خورد سبی میں ایک نہایت پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ کرام، سابق طلبہ، معززینِ شہر اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسکول کے ریٹائرڈ استاد محترم محمد ابراہیم خان تھے۔ اسکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر حاجی حاکم علی وریانی نے مہمانانِ گرامی کا پُرجوش استقبال کیا اور ورلڈ ٹیچرز ڈے کی مناسبت سے اساتذہ کی عظمت، تعلیمی خدمات اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں ان کے بنیادی کردار پر روشنی ڈالی۔ تقریب سے اسکول کے اولڈ اسٹوڈنٹ ٹکری محمد اسلم جتوئی، ڈپٹی ڈائریکٹر NCHD سبی، میر حبیب الرحمن رند، کونسلر میونسپل کمیٹی سبی، شہزاد حسین ٹیچر اسکول ہذا، محمد علی مگسی سیکنڈ ہیڈ ماسٹر اور طلبہ نے خطاب کیا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مولانا بشیر احمد چشتی نے احسن انداز میں سرانجام دیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹکری محمد اسلم جتوئی نے تمام اساتذہ کرام کو سلام اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “میرے لیے یہ لمحہ انتہائی خوشی، فخر اور اعزاز کا باعث ہے کہ جس درسگاہ میں کبھی میں پرائمری سے میٹرک تک ایک طالب علم کی حیثیت سے بیٹھا کرتا تھا، آج اسی اسکول میں اپنے اساتذہ اور طلبہ کے درمیان ورلڈ ٹیچرز ڈے کے موقع پر خطاب کر رہا ہوں۔” انہوں نے کہا کہ اس اسکول کے قابل، محنتی اور مخلص اساتذہ نے نہ صرف انہیں بلکہ بے شمار طلبہ کو علم کی روشنی سے منور کیا اور تعلیم جیسے عظیم زیور سے آراستہ کیا۔ استاد محض کتاب کا سبق پڑھانے والا شخص نہیں ہوتا بلکہ وہ انسان کی شخصیت، کردار، سوچ اور مستقبل کی تعمیر کرتا ہے۔ ایک استاد نسلوں کا معمار، معاشرے کا رہنما اور قوم کے مستقبل کا محافظ ہوتا ہے۔ ٹکری محمد اسلم جتوئی نے اپنے سابق اساتذہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ان کے لیے خوشی کے ساتھ ساتھ جذباتی اور افسردگی کا دن بھی ہے، کیونکہ وہ اپنے کئی عظیم اساتذہ کو اپنے درمیان موجود نہیں پاتے۔ انہوں نے کہا کہ حیدر رند، حاجی شاہ میر خان سیلاچی، حاجی لونگ خان ڈومکی، گلزار صاحب، شریف الدین صاحب اور بھٹی صاحب اگرچہ آج جسمانی طور پر ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کی دی ہوئی تعلیم، تربیت، کردار اور روشن کیے ہوئے علم کے چراغ آج بھی ہمارے دلوں اور معاشرے میں روشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “استاد کبھی ریٹائرڈ نہیں ہوتا؛ اس کا دیا ہوا علم، اس کی تربیت اور اس کی شخصیت کا اثر اس کے شاگردوں کے کردار میں ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔ میرے ان عظیم اساتذہ نے جو شمع روشن کی، وہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور آنے والی نسلوں کو بھی راستہ دکھاتی رہے گی۔” انہوں نے موجودہ اساتذہ پر زور دیا کہ وہ علم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت، نظم و ضبط اور معاشرتی ذمہ داریوں پر بھی خصوصی توجہ دیں، کیونکہ ایک اچھا استاد صرف کامیاب طالب علم نہیں بلکہ ایک اچھا انسان اور ذمہ دار شہری بھی تیار کرتا ہے۔ میر حبیب الرحمن رند نے شاندار اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر سینئر ہیڈ ماسٹر حاجی حاکم علی وریانی اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اساتذہ معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جو خاموشی سے قوموں کے مستقبل کی تعمیر کرتا ہے، اس لیے ان کی عزت و تکریم ہر معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے دوران طلبہ نے بھی اپنے اساتذہ کی عظمت و خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مختلف تقاریر کے ذریعے استاد کے مقام و مرتبے کو اجاگر کیا۔ تقریب میں NCHD کے فیلڈ آفیسران طاہر جاوید، دل مراد ڈومکی اور جہانگیر حسین سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔ آخر میں اسکول کے سینئر ہیڈ ماسٹر حاجی حاکم علی وریانی کی جانب سے تمام مہمانانِ گرامی کے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب خوشگوار، جذباتی اور یادگار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔
