قلات ‘بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اسکالرشپس کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد
قلات06اکتوبر۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی احکامات پر ضلع قلات میں بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) اسکالرشپس کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔آگاہی سیشن ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں محکمہ تعلیم قلات و خالق آباد کے افسران، مختلف کالجز کے پرنسپلز، اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریسز سمیت طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیشن کے دوران BEEF کی آن لائن کوئٹہ ٹیم نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی کمشنر قلات اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ضلع قلات میں گزشتہ دس سال کے دوران BEEF اسکالرشپس سے مستفید ہونے والے طلباءو طالبات کی تعداد ڈسٹرکٹ کے ٹاپرز اور اسکالرشپس کی تفصیلات سے متعلق بریفنگ دی۔BEEF اسکالرشپ کی آنن لائن ٹیم نے طلباءو طالبات کو اسکالرشپ کے معیار، درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار، اہلیت، اقلیتی اور خصوصی افراد کے لیے مختص اسکالرشپ کوٹہ سمیت دیگر اہم امور کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عائشہ زہری نے کہا کہ تعلیم نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، اور حکومت بلوچستان مستحق اور باصلاحیت طلباءو طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ BEEF اسکالرشپ پروگرام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم ہونے والے باصلاحیت طلباءو طالبات کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباءو طالبات BEEF اسکالرشپس کے معیار اور درخواست دینے کے طریقہ کار کو سمجھتے ہوئے بروقت درخواستیں جمع کرائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلباءاس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ BEEF اسکالرشپس کے حوالے سے طلباءو طالبات میں بھرپور آگاہی پیدا کریں اور انہیں درخواست کے عمل میں رہنمائی فراہم کریںڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلع قلات کے طلباءو طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، انہیں تعلیمی مواقع اور مناسب رہنمائی فراہم کرکے وہ ملک و صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
