ہمیں معرکہ حق کی طرح معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے، احسن اقبال
اسلام آباد،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں معرکہ حق کی طرح معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے، ہم نے کئی بار ترقی کے منصوبے بنائے، مگر سیاسی عدم استحکام نے پالیسیوں کے تسلسل کو متاثر کیا،اٹھارویں ترمیم کا مقصد سماجی شعبوں میں بہتری لانا تھا، لیکن اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ”اڑان پاکستان“ کے تحت گیارہ قومی اقتصادی مشنز میں سے ساتویں مشن، انسانی وسائل اور مہارتوں کے فروغ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم نے کئی بار ترقی کے منصوبے بنائے، مگر سیاسی عدم استحکام نے پالیسیوں کے تسلسل کو متاثر کیا، پاکستان 2047 میں آزادی کی سو سالہ تکمیل پر کہاں کھڑا ہوگا، آج ہمارے سامنے یہ فیصلہ کن سوال ہے،ہمیں معرکہ حق کی طرح معرکہ ترقی بھی جیتنا ہے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کا مقصد سماجی شعبوں میں بہتری لانا تھا، لیکن اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ ہونے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے، اب صرف منصوبے بنانے کا وقت نہیں، منصوبوں پر مو¿ثر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا، ضلع کی سطح پر بااختیار محکمے قائم کرنا ہوں گے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں، ایک صوبائی سیکرٹری پورے صوبے کے مسائل مو¿ثر انداز میں حل نہیں کرسکتا، اختیارات کو مقامی حکومتوں تک منتقل کرنا ہوگا، عوام کو دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی اصلاحات پانی ہونگی، پاکستان کی شرح خواندگی 63 فیصد ہے، اس سطح کی شرح خواندگی کے ساتھ ہم مطلوبہ رفتار سے ترقی نہیں کرسکتے،انہوںنے کہا کہ تعلیم، صحت، غذائیت، صاف پانی اور آبادی کے توازن کو قومی ہنگامی ترجیحات قرار دینے کی ضرورت ہے ، بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، آبادی میں بے قابو اضافہ معاشی ترقی کی کوششوں کو متاثر کرسکتا ہے، سماجی شعبوں کے مسائل سڑکوں اور عمارتوں سے زیادہ اہم ہیں، انہیں قومی ایمرجنسی کے طور پر لینا ہوگا، سماجی اشاریوں میں نمایاں بہتری کے لیے کم از کم دس سال کا مسلسل اور مربوط نظام درکار ہے، سیاسی استحکام کے بغیر طویل المدتی سماجی اور معاشی اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومتیں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں گورننس ریفارمز لائیں، تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں بہترین صلاحیتوں کے حامل افسران تعینات کیے جائیں، وزارت منصوبہ بندی کا کام بہترین تحقیق پر مبنی منصوبہ بندی فراہم کرنا ہے، عمل درآمد متعلقہ محکموں اور صوبائی حکومتوں نے کرنا ہے، بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ مو¿ثر عمل درآمد ہی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کی ضمانت بن سکتا ہے،اڑان پاکستان کے گیارہ قومی اقتصادی مشنز کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اسی عزم اور محنت کی ضرورت ہے جس طرح کا مظاہرہ پاکستان نے جوہری پروگرام کی تکمیل میں کیا، انسانی وسائل اور مہارتوں میں سرمایہ کاری پاکستان کے مستقبل کی ترقی کی بنیاد ہے۔
