dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

رائز پروگرام حکومتِ بلوچستان کا ایک اہم پروگرام ہے ‘نقیب اللہ کاکڑ

گوادر07اکتوبر۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت حکومتِ بلوچستان کے رائز پروگرام کے تحت گوادر ایمبولنس سروس کے لیے گرانٹ کی فراہمی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بلوچستان رائز پروگرام، ضلعی انتظامیہ اور گوادر ایمبولنس سروس کے نمائندگان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔بلوچستان رائز پروگرام حکومتِ بلوچستان کا ایک اہم پروگرام ہے جو بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے تعاون سے جاری ہے، جس کا مقصد مقامی اداروں کو بااختیار بنانا، عوامی شمولیت کو فروغ دینا، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کرنا اور معاشرے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اقدامات کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے دوران چیئرمین گوادر ایمبولنس سروس نسیم موسیٰ نے سروس کی کارکردگی اور خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ گوادر ایمبولنس سروس کے قیام سے اب تک تقریباً 4 ہزار 10 مریضوں، میتوں اور مختلف ہنگامی کیسز کو طبی سہولیات اور آمدورفت کی خدمات فراہم کی گئی ہیں، جن میں ٹریفک حادثات، بیماری، ایمرجنسی اور میتوں کی منتقلی سمیت دیگر کیسز شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں جیونی میں بھی ایمبولنس سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے گوادر ایمبولنس سروس کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین اور پوری ٹیم کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گوادر ایمبولنس سروس کے لیے ماہانہ فیول کوٹہ مقرر کرنے کا اعلان کیا تاکہ سروس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع گوادر میں طویل عرصے سے خراب سات ایمبولنسز کو بی ایس ڈی آئی کے تحت جلد بحال کرکے دوبارہ سڑکوں پر لایا جائے گا، جبکہ ضرورت کے مطابق اچھی حالت میں موجود بعض ایمبولنسز بھی گوادر ایمبولنس سروس کے حوالے کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ گوادر ایمبولنس سروس کو عوامی خدمت کے اس اہم شعبے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے جیونی میں ایمبولنس سروس کے قیام کے لیے بھی انتظامی معاونت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی، تاکہ دور دراز علاقوں کے عوام کو بروقت طبی امداد اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس کی سہولت میسر آسکے۔تقریب سے ایم ایس میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حفیظ بلوچ، بلوچستان رائز پروگرام ضلع گوادر کے کوآرڈینیٹر زبیر ہوت، صدر پیرامیڈکس قادر جان اور کونسلر ثناءاللہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے گوادر ایمبولنس سروس کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے اسے ضلع میں ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم عوامی خدمت قرار دیا۔تقریب کے دوران گوادر ایمبولنس سروس کی خدمات میں نمایاں کردار ادا کرنے والے افراد کو اعزازی ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے چیئرمین گوادر ایمبولنس سروس نسیم موسیٰ کو 20 لاکھ روپے کی گرانٹ کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوام کو بروقت، مو¿ثر اور قابلِ اعتماد ہنگامی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سرکاری اداروں اور مقامی تنظیموں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More