کاروباری سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ہارون اختر
لاہور ،ملک میں صنعتی ترقی کی رفتار تیز کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ صنعتی شعبے کی بہتری کے لیے نجی شعبے کی تجاویز اور سفارشات اہمیت رکھتی ہیں۔ہارون اختر خان نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیمبر کے صدر علی حسام اصغر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتی و تجارتی شعبے کو درپیش مسائل، ملکی صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے ممکنہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور صنعتی شعبے کو ترقی دینے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مو¿ثر رابطہ کاری ضروری ہے۔ کاروباری برادری کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے قابلِ عمل حل تلاش کرنا معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ہارون اختر خان نے اس بات پر زور دیا کہ صنعتی ترقی اور کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جانی چاہیے، تاکہ پالیسی سازی اور عملی اقدامات کو صنعت و تجارت کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ملاقات کے دوران لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر اور دیگر شرکا نے صنعتی و تجارتی شعبے کی صورتحال اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، نائب صدر چوہدری خادم حسین اور چیمبر کے دیگر عہدیداران و اراکین بھی موجود تھے۔ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل مشاورت، مسائل کے بروقت حل اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔
