dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

پاکستان آفات سے نمٹنے میں متاثرہ ملک نہیں عالمی رہنما بن سکتا ہے، صدر زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان سیلاب، زلزلوں، شدید گرمی کی لہروں اور خشک سالی جیسی قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات کا سامنا کر چکا ہے، اس لیے ملک آفات سے نمٹنے کے لیے صرف ردعمل دینے کے بجائے پیشگی تیاری، بروقت انتباہ اور مو¿ثر منصوبہ بندی کو ترجیح دے۔ انہوں نے زور دیا کہ قدرتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر استعداد کار بڑھانے کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو بھی فروغ دینا ہوگا، تاکہ قیمتی انسانی جانوں، گھروں اور معاش کے ذرائع کو محفوظ بنایا جا سکے۔قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ ملک مختلف قدرتی آفات کے نتیجے میں انسانی جانوں، گھروں اور عوام کی امیدوں کو پہنچنے والے نقصانات کی بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ ان تجربات نے یہ سبق دیا ہے کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کے لیے صرف حادثات کے بعد امدادی کارروائیاں کافی نہیں، بلکہ خطرات کی پیشگی نشاندہی، بروقت تیاری اور مو¿ثر حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔صدر مملکت نے پاکستان کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی نظام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطرات کی پیشگی نشاندہی کے لیے قابلِ ذکر کام کیا گیا ہے، تاہم آفات کے اثرات کم کرنے کے لیے مزید مو¿ثر اقدامات اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی آبادیاں اور مقامی حکومتیں قدرتی آفات کے خلاف دفاع کی پہلی صف ہیں، اس لیے انہیں ضروری وسائل، معلومات اور تربیت فراہم کرنا ناگزیر ہے، تاکہ ہنگامی حالات میں فوری اور مو¿ثر اقدامات کیے جا سکیں۔صدر آصف علی زرداری نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ قبل از وقت انتباہ سے متعلق معلومات سرحدوں کے پار بھی فوری طور پر پہنچنی چاہئیں، تاکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔انہوں نے مشترکہ دریاو¿ں اور دیگر سرحد پار خطرات کے حوالے سے وسیع تر بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کم کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی اداروں کو پیشگی تیاری کو اپنی حکمت عملی کا بنیادی حصہ بنانا چاہیے۔صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان موسمیاتی آفات کے خلاف جدوجہد میں محض متاثرہ ملک تک محدود رہنے کے بجائے ایک مو¿ثر علاقائی اور عالمی رہنما کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے حصول کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، جدید انتباہی نظام، مقامی سطح پر تیاری اور مشترکہ بین الاقوامی کوششوں کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More