dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

واشک میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد ہلاک،4زخمی

بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے پلانتک میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دور ان 5 دہشتگرد ہلاک اورچار زخمی ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف ، وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا ،ملک سے دہشت گردی کی برائی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور قومی حمایت اور پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ بدھ کو سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ وگولہ بارود برآمد کر لیا ہے، برآمد شدہ سامان میں آر پی جی7 ، 5 گولے، میگزینز سمیت 5 جدید ہتھیار،3 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو جدید ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک دہشت گرد بلوچ عوام کو لوٹنے، خوف وہراس پھیلانے اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔دریں اثناءصدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے ضلع واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ اپنے بیان میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف سکیو رٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سکیو رٹی فورسز کی کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے خلاف ہمارے غیر متزلزل قومی عزم کا مظہر ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع واشک کے علاقہ پلانتک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشتگرد جہنم واصل کیے جو لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن میں دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمد ہوا جو درپیش چیلنج کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری کامیاب کارروائیاں دہشت گردوں کے خلاف ہمارے غیر متزلزل قومی عزم کا مظہر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف مشترکہ قومی عزم دراصل ملکی امن و سلامتی کا ضامن ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوان قومی سلامتی کے لئے بیش قدر قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور شاندار کارگردگی پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، ملک سے دہشت گردی کی برائی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھرپور قومی حمایت اور پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو بہادر مسلح افواج پر فخر ہے جو دفاعِ وطن کے لیے ہر دم تیار ہے۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع واشک میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے 5 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کے غیر متزلزل عزم اور اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتن الہندوستان کے دہشت گردوں کے ناپاک اور مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 میں حصہ لینے والے وطن کے جری جوانوں کی بروقت اور موثر کارروائیاں ملکی بقا اور قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی واضح عکاس ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور پوری قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More