dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

قلعہ عبداللہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کےلئے اقدامات کئے جائے، زمرک اچکزئی

بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکنِ اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی کی جانب سے قلعہ عبداللہ میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر توجہ دلا نوٹس پیش کیا گیا، جس پر حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔اجلاس میں وزیرِ داخلہ نے ایوان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران ضلع قلعہ عبداللہ میں امن و امان کے قیام کے لیے متعدد عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع میں 2 نئے پولیس تھانے قائم کیے گئے ہیں، سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے اور اہم قبائلی تنازعات کو بھی خوش اسلوبی سے حل کیا گیا ہے۔ توجہ دلا نوٹس پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ ریاست اور حکومت کی یہ بنیادی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل بالخصوص امن و امان کے بحران کی طرف فوری توجہ دے اور ان کا پائیدار حل نکالے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ قلعہ عبداللہ ماضی میں افیون کی کاشت کے حوالے سے بدنام تھا، تاہم حکام کی جانب سے سنجیدہ اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے اب یہ لعنت دیگر علاقوں تک بھی پھیل چکی ہے اور ضلع میں آئے روز کوئی نہ کوئی افسوسناک واقعہ رونما ہو رہا ہے۔انجینئر زمرک خان اچکزئی نے ایوان کو بتایا کہ ان کے حلقے میں اس وقت بھی 3 پولیس افسران اور 200 اہلکاروں کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس کی بھرتی کے عمل کو آسان بنایا جائے جبکہ منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید سخت کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ قلعہ عبداللہ کے عوام کو امن چاہیے اور اس مقصد کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ قلعہ عبداللہ میں امن بحال ہونے سے پورے پشتون بیلٹ میں پائیدار امن قائم ہو سکتا ہے۔رکنِ صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ عوام کا اعتماد بحال کرے اور جو عناصر قانون و آئین کو اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں، ان تمام کے خلاف بلا تفریق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت اور گرد و نواح کے علاقوں میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث اب حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ لوگ وہاں جانے سے بھی کتراتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More