dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ3 کے تحت فتنہ الہندوستان اور انسانی اسمگلرز کیخلاف کارروائیوں کے نتیجے میں ضلع مستونگ اور واشک میں 7 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک کردئیے، سیکیورٹی فورسز نے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی پراکسی فتن الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری اور فیصلہ کن کارروائی میں دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا، آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ3 کے تحت فتنہ الہندوستان اور انسانی اسمگلرز کیخلاف کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ضلع مستونگ کے علاقہ پرنگ آباد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی نقل وحرکت پر بروقت کارروائی کی، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے دشت اورتربت میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنادی۔سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے غیرقانونی طور پرایران اور یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 104 غیرقانونی افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔سیکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پرعزم ہیں۔ اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے واشک، بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔صدرِ مملکت نے علاقے میں دیگر بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری کلیئرنس آپریشنز کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔صدر زرداری نے کہاکہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔اپنے بیان میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صوبہ بلوچستان کے ضلع واشوک میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جینس آپریشن کی پذیرائی کی ۔وزیراعظم نے اس آپریشن میں 5 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے اضلاع واشک اور مستونگ میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب اور موثر آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کارروائیوں کے دوران 7 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم اور اعلی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خوارجیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز کی یہ بروقت اور فیصلہ کن کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔وزیر داخلہ نے وطن کے دفاع میں سرگرم بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کی اس جنگ میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More