پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج صدارتی فرمان کثرت رائے سے منظور
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے صدارتی فرمان کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی زیر صدار ت ہوا جس میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، حکومتی و اپوزیشن اراکین کی بڑی تعداد اجلاس میں شریک ہوئی۔خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج سے متعلق کاغذات مشترکہ اجلاس کے سامنے پیش کیے گئے، صدر مملکت کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق کاغذات آرٹیکل232کی شق 7کے تحت مشترکہ اجلاس کے سامنے رکھے گئے۔خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے کاغذات آرٹیکل 234کی شق 3 کے تحت مشترکہ اجلاس میں پیش کیے گئے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے متعلق صدارتی اعلان مشترکہ اجلاس میں پیش کیے اس دور ان خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی تحریک پر ووٹنگ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایوان میں آئین کی پاسداری اور بغیرخوف و دبا ذمہ داریاں نبھانا ہمارا فرض ہے۔اپوزیشن کے احتجاج میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گنتی کرانے کا حکم دیا تحریک کے حق میں 214 ووٹ آئے اور مخالفت میں 56 ووٹ پڑے۔تحریک کثرت رائے سے منظور کی گئی،اپوزیشن اراکین بازووں پر کالی پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے اور اس دور ان اپوزیشن اراکین نے ایوان میں نعرے بازی جاری رکھی۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئینی تقاضا پورا کرنے کیلئے اجلاس بلایا گیا ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اس پر بات ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے سوال ہوں گے تو جواب دیں گے، کچھ لوگوں نے اس اقدام بارہ اکتوبر سے جوڑا۔ انہوںنے کہاکہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس اسلام آباد اور پشاور میں ہوتے رہے، صوبے میں ایک روز میں لکی مروت، ٹانک، باجوڑ میں واقعات ہوئے، ایسے وقت میں وزیراعلیٰ کو لانگ مارچ کی بجائے ہسپتال میں ہونا چاہیے تھا ۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ جن حالات میں ہمارا ملک پھنس گیا ہے، خدا کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں یہ ہماری اندرونی خامیوں کا نتیجہ ہے، آئین بڑی مشکل سے بنا پاکستان ٹوٹنے کے بعد ، پاکستان ٹوٹا بھی ہماری انا کی وجہ سے، سکندر مرزا سے متعلق مشہور ہے یہ اس بندے کا نواسہ ہے جس نے سراج دولا کو دھوکا دیا۔انہوںنے کہاکہ آپ نے گورنر راج لگایا، آپ بھی اس میں کود پڑے، قواعد و ضوابط میں ہماری طرح آپ کے لیے بھی حدود ہے، آپ یہاں بیٹھے تھے آپ کی وردیاں پہن کر ادارے 8ممبران کو اٹھا کر لے گئے، مذاکرات اس بات پر ہونگے پارلیمنٹ طاقت کا سر چشمہ ہوگی، صوبوں کے وسائل پر ان کا حق ہوگا، بیٹھیں غیر مشروط مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ان ہاتھوں کو روکیں گے، جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعتوں کا محاز بنائینگے، گیارہ بارہ لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، کیا احتجاج کرنا جرم ہے ، لوگوں نے ردعمل دیا آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، کیا لوگوں نے بچے اس لیے جنے کے آپ گولیاں ماریں، ہمارے وزیر اعلیٰ، ایم پی ایز کو اغوا کیا، آپ اغوا کار ہیں آپ دہشت گرد ہیں۔محمود اچکزئی نے کہا کہ فروری الیکشن آپ کھائیں قسم کیا آپ جیتے ہیں، کونسی دہشتگردی کی بات کر رہے ہیں، سویت یونین میں آپ نے فرنٹ اسٹیٹ بنایا، دہشتگردوں کو ٹریننگ آپ نے دی، 6ہزار دہشت گردوں کو وہاں پہنچایا گیا، کیا اس کا ذمہ دار سہیل آفریدی ہے، دہشتگردی آپ لیکر آئے سہیل آفریدی اس وقت بچہ تھا۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دنیا کہتی تھی دنیا کا سب سے خطرناک دہشت گرد آپ کے پاس ہے ہم انکاری تھے، 2 ہیلی کاپٹر آئے اور ہماری سالمیت کی دھجیاں بکھیری گئیں، افغانستان کے باڈر پر 20فٹ کی دیوار کھڑی کر دی، دہشت گرد کہاں سے اڑ کر آتے ہیں، طالب آپ کی تخلیق ہےیاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبر پختون خوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق سے متعلق قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کی تھی۔
