غربت کے خاتمہ کا عالمی دن، پاکستان بھوک سے زیادہ متاثر 10ممالک میں شامل
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہفتہ کو غربت کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا، اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد دنیا بھر سے غربت اور محرومی کا خاتمہ کرنا، انسانی حقوق اور انسانی وقار کا تحفظ کرنا ہے۔ بین الاقوامی امدادی تنظیم ایکشن اگینسٹ ہنگر کی جاری کردہ نئی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو عالمی بھوک کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ موسمیاتی آفات، معاشی مشکلات، نقل مکانی اور انسانی امداد کے لیے کم ہوتے وسائل نے کمزور طبقات کو غذائی عدم تحفظ کی مزید سنگین صورتِ حال سے دوچار کر دیا ہے۔عالمی یومِ خوراک کے موقع پر جاری ہونے والی رپورٹ ”دنیا کے 10 بڑے غذائی بحران“ میں خبردار کیا گیا ہے کہ معاشی بحالی کی کوششوں اور بعض معاشی اشاریوں میں بہتری کے باوجود پاکستان میں 2026 کے دوران ایک کروڑ 6 لاکھ افراد کو انسانی امداد کی ضرورت ہو گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 17 کروڑ 70 لاکھ افراد ان 10 ممالک میں رہتے ہیں جہاں بھوک کا بحران سب سے زیادہ سنگین ہے، گزشتہ ایک دہائی کے دوران شدید بھوک کے شکار افراد کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ 47 ممالک میں 26 کروڑ 60 لاکھ افراد شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق غذائی بحران سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں نائیجیریا، کانگو، سوڈان، یمن، افغانستان، میانمار، بنگلہ دیش، پاکستان، جنوبی سوڈان اور شام شامل ہیں۔پاکستان میں مسلسل غربت، خوراک کی بلند قیمتیں، بڑھتے ہوئے اخراجاتِ زندگی، روزگار کے محدود مواقع اور گھریلو آمدنی میں کمی کے باعث خاندانوں کی قوتِ خرید مسلسل متاثر ہو رہی ہے، زرعی اجناس کی ناموافق قیمتوں اور مجموعی معاشی عدم استحکام نے بھی لوگوں کے ذرائع معاش کو نقصان متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد کے لیے مناسب خوراک کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ اقدامات وقتی طور پر مالی مشکلات کم کر سکتے ہیں تاہم ان سے غربت میں اضافہ، بچوں کی تعلیم اور غذائیت متاثر ہونے اور مستقبل کے بحرانوں سے نکلنے کے لیے خاندانوں کی صلاحیت کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آفات غذائی عدم تحفظ کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ بار بار آنے والے سیلاب، خشک سالی، شدید گرمی کی لہریں، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب اور مون سون کی بارشوں کے غیر متوقع انداز نے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا، زرعی پیداوار کم کی اور مویشیوں پر انحصار کرنے والے خاندانوں کے ذرائع معاش کو متاثر کیا ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موسمی مشکلات مخصوص ادوار میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بدامنی اور علاقائی کشیدگی پاکستان کی پہلے سے غیر مستحکم غذائی صورتِ حال پر مزید دبا¶ ڈال رہی ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بدامنی کے باعث لوگوں کے ذرائع معاش متاثر ہو رہے ہیں، منڈیوں تک رسائی محدود اور انسانی امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی آفات، معاشی مشکلات، محدود قوتِ خرید اور امدادی وسائل میں کمی کے باعث پاکستان کے کمزور طبقات کو غذائی عدم تحفظ کے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔
