عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘بخت محمد کاکڑ
صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے ٹراما سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر امین مندوخیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے صوبائی وزیرِ صحت کو سینٹر کی مجموعی کارکردگی، طبی سہولیات، ایمرجنسی سروسز اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیرِ صحت نے ٹراما سینٹر میں زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں کو ضروری ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ادویات کی دستیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے مریضوں کو بروقت ادویات فراہم کرنے اور فارمیسی کے انتظامات کو بہتر انداز میں چلانے پر فارمیسی اسٹاف کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ضروری ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ علاج کے دوران انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت نے ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ کی کارکردگی اور ہسپتال میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری، مریضوں کی دیکھ بھال، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ایم ایس اور ہسپتال کا عملہ اسی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آسکیں۔صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کا وژن صوبے کے عوام کو معیاری، م¶ثر اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی بہتری، ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی اور طبی اداروں کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی وژن کے تحت بلوچستان میں صحت کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے بہت جلد نئے طبی اداروں کا افتتاح کیا جائے گا، جن میں جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک ہسپتال بھی شامل ہے۔ ان اداروں کے قیام سے عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور جدید علاج معالجے تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی۔صوبائی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ کے مختلف وارڈز میں جاری تزئین و آرائش کا مقصد مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے ساتھ صاف ستھرا، محفوظ اور مناسب ماحول فراہم کرنا ہے۔ ہسپتالوں میں صفائی، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی کارکردگی اور مریضوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام اور طبی عملے پر زور دیا کہ وہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور دستیاب وسائل کو عوام کی بہتر خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔صوبائی وزیرِ صحت نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
