dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشتگرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں کی گئی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ضلع وڈھ میں کی گئی ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ دو دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے، کارروائی میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کے خاتمے کے لئے ’سینیٹائزیشن‘ آپریشنز جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ وڑن کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری مہم پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ اور معاونت شدہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشتگرد ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور ایک بیان میں کہا کہ دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، پاکستان کی سلامتی اور امن کو نقصان پہنچانے والے دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم دھشتگردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ادھروفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور وفاقی وزیرداخلہ نے 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا ۔ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔ قوم دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More