جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، مرتضیٰ خان کاکڑ
جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی، بدعنوانی، پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری، بارڈر کی بندش اور عوام کے بنیادی حقوق کی پامالی کے خلاف 15 نومبر کو کوئٹہ میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی سربراہی میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن خصوصی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بدامنی، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی بدحالی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ بارڈرز کی بندش نے ہزاروں خاندانوں کے روزگار کو متاثر کیا ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور کاروبار میں مبینہ بھتہ خوری نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں 15 نومبر کے جلسہ عام کی تیاریوں کے حوالے سے منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہم عوام کے جائز حقوق، امن، روزگار، کاروبار کی آزادی اور وسائل پر مقامی لوگوں کے حق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ 15 نومبر کا جلسہ عام بلوچستان کے عوام کی محرومیوں اور اجتماعی مسائل کو اجاگر کرنے اور حقوق کے حصول کے لیے ایک مو¿ثر آواز ثابت ہوگا۔اجلاس میں نومنتخب امیر ضلع کوئٹہ مولانا حافظ نور علی، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پروفیسر محمد عارف، الخدمت فاو¿نڈیشن بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی، نیشنل لیبر فیڈریشن بلوچستان کے ارشد محمود، چیئرمین الخدمت ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر نعمت اللہ، جمیل احمد مشوانی، اعجاز محبوب، میر حسن سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں جلسہ عام کی کامیابی، عوامی رابطہ مہم اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ مختلف ذمہ داریاں تقسیم کرنے کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں۔ شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ 15 نومبر کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائی جائے گی اور کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر سے عوام کی شرکت یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
