مصر کی نجی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جام کمال
پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی اقتصادی سفارت کاری کو مزید فعال بنانے اور نئی تجارتی منڈیوں تک رسائی کے لیے اہم پیش رفت کی ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ترکیہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اقتصادی و تجارتی کمیٹی (کومسیک) کے 42ویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب، مصر اور تیونس کے اعلیٰ حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تجارت، غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور مشترکہ کاروباری منصوبوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے سعودی عرب کے ڈپٹی گورنر برائے بین الاقوامی تنظیموں و معاہدات فرید ایس العسالی سے ملاقات کی، جس میں زراعت، صنعت، لائیو اسٹاک اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر جام کمال خان نے پاکستانی اور سعودی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری اور کاروباری منصوبوں کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی کمپنیاں افریقی منڈیوں میں بھی مشترکہ تجارتی مواقع تلاش کر سکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے سعودی وفد کو پاکستان میں منعقد ہونے والی آئندہ فوڈ ایگ نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔جام کمال خان نے مصر کے وزیر سرمایہ کاری و بیرونی تجارت محمد فرید صالح سے بھی ملاقات کی، جس میں ٹیکسٹائل، کپاس، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مصری وزیر نے پاکستانی کمپنیوں کو مصر کے صنعتی اور پیداواری شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ مصر میں صنعتی یونٹس قائم کرکے امریکی منڈی تک رسائی کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے آئندہ بزنس فورم میں شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کیں۔ مصری وزیر نے پاکستانی طلبہ کے لیے طب، انجینئرنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعلیمی مواقع کو بھی اجاگر کیا۔اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور مصر کی نجی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وفاقی وزیر تجارت نے تیونس کے وزیر تجارت و برآمدی ترقی سمیر عابد سے بھی سائیڈ لائن ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو حقیقی صلاحیت کے مطابق بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور تیونس کے درمیان موجودہ تجارتی حجم دستیاب مواقع کے مقابلے میں کم ہے، جسے بڑھانے کے لیے زراعت، معدنیات، ٹیکسٹائل، آٹو پارٹس اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھا کر اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نجی شعبے کے روابط اور مشترکہ صنعتی منصوبوں کے فروغ پر بھی زور دیا۔وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان نئی برآمدی منڈیوں تک رسائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو عملی کاروباری شراکت داری میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔کومسیک اجلاس کے موقع پر ہونے والی یہ ملاقاتیں پاکستان کی فعال اقتصادی سفارت کاری، بین الاقوامی تجارتی روابط کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کی کوششوں کا اہم حصہ قرار دی جا رہی ہیں۔
