پڑوس میں امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے،دفتر خارجہ
پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ خطے اور عالمی سطح پر امن و استحکام کا قیام جنگ اور محاذ آرائی کے بجائے سیاسی مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست اور مخلص ثالث کی حیثیت سے علاقائی تنازعات کے حل، کشیدگی میں کمی اور متحارب فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستان نے 47 سال سے ایک دوسرے سے بات چیت نہ کرنے والے دو ممالک کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب دستخط پاکستان کی سفارتی کوششوں کا واضح ثبوت ہیں۔ مذاکرات اور ثالثی کے عمل میں وقت لگ سکتا ہے، تاہم پاکستان کو امید ہے کہ بالآخر خطے میں امن و استحکام قائم ہوگا۔ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں پاکستان کی حالیہ سفارتی سرگرمیوں، مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاک چین تعلقات، بھارت، افغانستان، سعودی عرب، ایران، امریکہ اور دیگر علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مو¿قف بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دیگر ممالک کو بھی ایک پلیٹ فارم پر لا کر امن و استحکام کے حوالے سے بات چیت کا موقع فراہم کیا۔ علاقائی امن صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے اور اس سے باہر کے ممالک کے مفاد میں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا 23 اکتوبر کو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استنبول میں پاکستان، ترکیہ، مصر اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے آر فور وزارتی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں فلسطین، یمن، امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع سمیت مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے اجلاس میں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد و خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ پاکستان نے مو¿قف اختیار کیا کہ فلسطینی ریاست 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہونی چاہیے، جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ اجلاس میں غزہ میں تشدد کے فوری خاتمے اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا۔آر فور ممالک کے وزرائے خارجہ نے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر قرار دیا۔ آبنائے ہرمز سے محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ 23 اکتوبر کو پاکستان اور فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان استنبول میں اہم مشاورتی اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع، یمن کی صورتحال اور علاقائی سلامتی کے امور زیر بحث آئے۔ آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحیرہ اسود میں بحری سلامتی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان اور یورپی ممالک نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 26 اکتوبر کو سعودی عرب کے مکہ اور مدینہ کے علاقوں کو نشانہ بنانے والے حوثی ملیشیا کے بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کی۔ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف اس نوعیت کی جارحیت ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کے قریب حملے اسلام کے مقدس مقامات کی حرمت اور شہریوں کی سلامتی کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔پاکستان نے اردن میں چرچ کے قریب جنازے کے جلوس پر دہشت گرد حملے کی بھی شدید مذمت کی اور اردن کی حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایسے دو فریقین کو ایک چھت تلے بٹھایا جو کئی دہائیوں سے بات چیت بھی نہیں کر رہے تھے۔ پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے حل کے لیے سہولت کاری کا سلسلہ جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک مخلص ثالث کی حیثیت سے ممکنہ تمام سفارتی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ امن کا قیام جنگ کے بجائے سیاسی مذاکرات اور سفارت کاری سے ممکن ہے۔ بسا اوقات امن عمل میں وقت لگتا ہے، تاہم امید ہے کہ وقت کے ساتھ خطے میں امن قائم ہوگا۔ایران کے جوہری معاملے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ 2015 سے زیر بحث ہے اور پاکستان اس کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان، قطر اور دیگر ممالک بھی ثالثی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بعض بیانات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔امریکی انتخابات سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ امریکی انتخابات امریکہ کا اندرونی معاملہ ہیں اور پاکستان کے امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاک بھارت جنگ رکوانے میں کردار پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے نامزد کیا تھا۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔ اجلاس 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں شیڈول ہے۔پاکستان ایک ذمہ دار ملک کی حیثیت سے علاقائی اور عالمی فورمز پر مثبت روابط، مذاکرات اور تعاون پر یقین رکھتا ہے۔ ایس سی او اجلاس میں شرکت کا فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت اور طے شدہ ضابطہ کار کی تکمیل کے بعد قیادت کرے گی۔بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کی پاکستان آمد سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ اس دورے کی اجازت دینا بھارتی حکومت کا اختیار ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے تقریباً 300 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔ پاکستان بھارتی شہریوں کو ویزے جاری کرنے کا مخالف نہیں اور نہ ہی بھارتی شہریوں کے ویزے روک رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ زائرین مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے سفر کر رہے ہیں اور ان کی مذہبی زیارات پر کسی قسم کی پابندی نہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 1974 میں مذہبی سیاحت کے حوالے سے مفاہمت موجود ہے۔رواں ماہ کے اختتام پر بابا گرو نانک دیو جی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد بھی ہوگا۔ کرتارپور راہداری کے ذریعے روزانہ پانچ ہزار یاتری پاکستان آ کر اسی روز واپس جا سکتے ہیں۔پاک ایران سرحد سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ سرحد کے ذریعے کراسنگ جاری ہے، تاہم بارڈر کی موجودہ صورتحال اور کھلنے کی حیثیت متعلقہ اداروں سے معلوم کرنا ہوگی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق سوال پر کہا کہ معاہدے کے قیام کے وقت پاکستان واضح کر چکا ہے کہ یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ معاہدے کے اجلاس اور آئندہ معاملات پر تینوں ممالک باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے سیکریٹری جنرل جلد ریاض میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ 28 اکتوبر کو معاہدے کے سیکریٹری جنرل نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی کی۔ترجمان کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے بڑی اہمیت کا حامل رہا۔ پاکستان اور سنگاپور کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر یہ دورہ کیا گیا۔دورے کے دوران پاکستان اور سنگاپور کے درمیان ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ 26 اکتوبر کو پاکستان اور چین کے درمیان ترجمانوں کی سطح پر مذاکرات کا تیسرا دور منعقد ہوا۔ اس موقع پر چینی ترجمان نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار لیو ہائی شنگ نے بھی پاکستان کا دورہ کیا، جس میں پاک چین دوستی، سیاسی روابط اور اسٹریٹجک تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے سیاسی جماعتوں کی سطح پر روابط اور اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے سفیر سے ملاقات میں سی پیک، تجارت اور علاقائی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ترجمان نے کہا برطانوی وزیر مملکت برائے سیکیورٹی ڈین جاروِس نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون اور انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔پاک برطانیہ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ 4 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں جانب سے دوطرفہ تعاون اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کا خطرہ پاکستان کے لیے اہم تشویش ہے۔ دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو ضروری سمجھتا ہے۔ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بحرین کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جبکہ مالدیپ اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے بھی بات چیت ہوئی۔ ان رابطوں میں علاقائی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ایران کے سفیر امیری مقدم سے ملاقات میں علاقائی امن و استحکام کے امور زیر بحث آئے، جبکہ ایران اور عمان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطوں میں علاقائی سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکریٹری خارجہ نے بھی ایشیائی، یورپی اور عرب ممالک کے سفیروں سمیت مختلف سفارتی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی تیاریاں تیز کردی گئی ہیں۔ 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اسحاق ڈار نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو قریبی رابطے اور باہمی تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ای سی او کے ساتھ تعاون اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے پ±رعزم ہے اور رکن ممالک کے وفود کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہنے کا منتظر ہے۔اجلاس میں علاقائی تعاون کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ترجمان دفتر خارجہ نے روایتی ہتھیاروں سے متعلق پاکستان کی قرارداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرارداد کو عالمی سطح پر حمایت حاصل ہوئی۔ قرارداد میں تحمل، توازن، ہتھیاروں کی دوڑ پر قابو پانے اور علاقائی سطح پر روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول پر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صرف دو ممالک نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔ پاکستان نے جنوبی ایشیا میں جدید ہتھیاروں میں اضافے کے معاملے کو بارہا عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے اور قرارداد کی مخالفت کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ترجمان نے کہا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پانی کی قلت سے متعلق ایک اہم اجلاس دفتر خارجہ میں منعقد ہوا، جس میں پانی کے مسئلے اور اس سے متعلق اہم امور پر غور کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ روز سری لنکا کے وفد سے گندھارا تہذیب کے حوالے سے ملاقات ہوئی۔ گندھارا تہذیب بدھ مت کی تاریخ اور مذہبی ورثے میں مرکزی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان مذہبی سیاحت اور تاریخی ورثے کے فروغ کے لیے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مارشل آئی لینڈ سے قطر کی جانب روانہ ہونے والے ایک مال بردار جہاز پر حملے کی اطلاعات پاکستان کے علم میں آئی ہیں۔ جہاز پر پاکستانی شہریوں سمیت 25 افراد سوار تھے جو محفوظ رہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان متعلقہ صورتحال سے آگاہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان خطے میں امن، استحکام، باہمی تعاون اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
