dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ برآمدات کے فروغ کیلئے کلیدی اہمیت کاحامل ہے،وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی برآمدات میں اضافے، مقامی صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے اور پاکستانی مصنوعات کا بین الاقوامی معیار بہتر بنانے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کی جامع تنظیم نو اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اصلاحاتی منصوبے کے تحت ادارے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، میرٹ پر بھرتیوں، کارکردگی کی بنیاد پر ترقی اور آزادانہ آڈٹ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ادارے کے موجودہ ڈھانچے، کارکردگی اور عالمی تجارتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مجوزہ اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ برآمدات کے فروغ کے لیے کلیدی اہمیت رکھتا ہے اور جدید خطوط پر استوار ٹی ڈی اے پی اس مقصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع ہے اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع بھی انتہائی موزوں ہے، اس لیے ان صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مکمل ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے، جس میں پیداوار سے لے کر پراسیسنگ، ویلیو ایڈیشن، معیار اور عالمی منڈیوں تک رسائی کی پوری ویلیو چین شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت کو مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر شامل کیا جائے۔ ادارہ جاتی اصلاحات اسی وقت مو¿ثر ثابت ہوسکتی ہیں جب ملازمین کی ترقی اور پیشہ ورانہ پیش رفت کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔وزیراعظم نے ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور مالی معاملات کے آڈٹ کے لیے اچھی شہرت کی حامل نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر کامیاب تجارتی فروغ کے ادارے مقامی صنعتوں کی ترقی، برآمد کنندگان کی استعداد میں اضافے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لیے مربوط خدمات فراہم کرتے ہیں، جبکہ ٹی ڈی اے پی کے موجودہ نظام کو بھی انہی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔بریفنگ میں ٹی ڈی اے پی کی تنظیم نو کے لیے متعدد اصلاحات پیش کی گئیں، جن میں ادارے کے دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنا، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو، علاقائی نیٹ ورک کو مو¿ثر بنانا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کا استعمال اور کارکردگی جانچنے کے لیے قابل پیمائش اشاریوں کا نظام متعارف کرانا شامل ہے۔مجوزہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت ادارے کی کارکردگی کا آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزہ بھی لیا جائے گا، جبکہ اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے منظوری، ڈیزائن، نفاذ اور آزادانہ جانچ پر مشتمل 12 ماہ کا مرحلہ وار لائحہ عمل پیش کیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اصلاحاتی عمل آئندہ سال کے وسط تک مکمل کرکے اس کا عملی نفاذ یقینی بنایا جائے، تاکہ ٹی ڈی اے پی کو ایک مو¿ثر اور عالمی معیار کے تجارتی فروغ کے ادارے میں تبدیل کیا جاسکے۔اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More