پاکستان، سوڈان سکیورٹی، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ ودیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سوڈان نے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے اور سکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون اور شہری رجسٹریشن سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس عزم کا اظہار سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران کیا گیا۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ مذاکرات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون، داخلی سلامتی، سائبر کرائم کی روک تھام، پولیس افسران کی تربیت، نادرا کے تجربات سے استفادے اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ سوڈان سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوڈان پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے تعاون کی پیشکش پر اظہار تشکر بھی کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں قیام امن اور تعمیر نو کے عمل میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔محسن نقوی نے سوڈان میں نادرا کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ نادرا کے تعاون سے سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول رجسٹریشن کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے نادرا آئندہ بھی سوڈان کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ملاقات کے دوران سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کو درپیش ویزا مسائل کی نشاندہی پر محسن نقوی نے فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں اور انہیں صحت کے شعبے میں ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کی جائے گی۔دونوں ممالک نے سائبر کرائم کے خلاف مو¿ثر اقدامات، پولیس کی استعداد کار میں اضافے، تربیتی پروگرامز اور دیگر متعلقہ شعبوں میں باہمی تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا۔ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری و ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی اے این ایف، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیئرمین سوشل میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔مذاکرات کو پاکستان اور سوڈان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، سکیورٹی تعاون بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
