بلوچستان کے ایک ایک انچ پر حکومت کی رٹ برقرار ہے‘بابر یوسفزئی
حکومتِ بلوچستان کے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اصغر خان اچکزئی کے بیانات کو بچگانہ سیاست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی مردہ سیاسی ساکھ کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے ایسی بیان بازی کر رہے ہیں۔ایک پریس بیان میں بابر یوسفزئی نے واضح کیا کہ اے این پی خود صوبائی حکومت کی اتحادی جماعت ہے، لہذا انہیں بے بنیاد تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ بلوچستان کے ایک ایک انچ پر حکومت کی رٹ مکمل طور پر برقرار ہے۔ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دن رات قربانیاں دے کر امن و امان کے قیام کے لیے کوشاں ہیں اور دہشت گرد عناصر کا بھرپور محاسبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)کا انعقاد اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، لیکن ایسے فورمز کو حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف پوائنٹ اسکورنگ کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں۔ بلوچستان کے حساس حالات سنجیدگی اور اتحاد کے متقاضی ہیں۔معاون برائے داخلہ نے عزم کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت امن کی بحالی، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور صوبے کی ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور امنِ عامہ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
