dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

سردیوں میں بلوچستان کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے،سینیٹر عبدالقادر

چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ سردیوں کے آغاز پر کوئٹہ، قلات اور بلوچستان کے دیگر سرد علاقوں میں گیس کی مناسب پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی سرمائی پلان فوری نافذ کیا جائے شدید سردی والے علاقوں میں گیس محض سہولت نہیں بلکہ بنیادی ضرورت ہے، اس کی فراہمی میں تعطل سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے دوران عوام ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، لیکن اس کی بڑھتی قیمتیں کم آمدنی والے خاندانوں کی استطاعت سے باہر ہو رہی ہیں۔ حکومت قانونی درآمدات میں حائل رکاوٹیں دور کرے، متبادل سپلائی کے انتظامات بہتر بنائے اور ذخیرہ اندوزی و ناجائز منافع خوری کے خلاف مو¿ثر کارروائی کرے۔سینیٹر محمد عبدالقادر نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے شدید سرد علاقوں میں مستحق خاندانوں کے لیے گیس اور ایل پی جی پر خصوصی ریلیف پیکیج دیا جائے۔ عوام کو ایسی صورتحال میں نہ چھوڑا جائے کہ انہیں کھانے، گھر گرم رکھنے اور دیگر بنیادی ضروریات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں، وزارتِ پٹرولیم اور متعلقہ ادارے مشترکہ لائحہ عمل کے تحت ہر علاقے کے لیے گیس کی فراہمی، کم پریشر کی شکایات کے ازالے اور ایل پی جی کی دستیابی کے واضح اہداف اور مدت مقرر کریں۔ عوام کو محض یقین دہانیوں کی بجائے گھروں میں گیس اور قابلِ برداشت قیمت پر ایندھن چاہیے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More