حلقے کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ فیصل جمالی
پاکستان پیپلز پارٹی خوشحال عوام اور ترقی یافتہ بلوچستان کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور عوامی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ عوام کے لیے ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، حلقہ انتخاب اوستہ محمد کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سردارزادہ فیصل خان جمالی نے خبر رساں ادارہ یو این اے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہدا کی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور ملک کی ترقی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ پارٹی قیادت کا وژن عوام کی خدمت اور محروم طبقات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد میں صحت، تعلیم، پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سردار زادہ فیصل خان جمالی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے، عوامی مسائل حل کرنے اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا اور حلقے کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔صوبائی وزیر سردار زادہ فیصل خان جمالی نے مزید کہا کہ کسانوں کو خوشحال کرنے کے لیے نہری نظام کی بحالی اور زرعی پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹیل کے کاشتکاروں کو زرعی پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے انہوں نے کہا کہ اوستا محمد و تحصیل گنداخہ میں کروڑوں روپے کے فنڈز جاری کر کے ترقیاتی عمل کا اغاز کر دیا گیا ہے جس سے حلقہ انتخاب کی عوام مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ فنڈز عوام کی امانت ہے اور عوام کی فلا ح و بہبود کے لیے خرچ کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے کام کی معیار میں ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
