نوجوان نسل ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے خوابوں کی حقیقی وارث ہے‘سیدال ناصر
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان اور عظیم فلسفی ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی فکر، شاعری اور فلسف? خودی برصغیر کے مسلمانوں میں بیداری، خود اعتمادی، اتحاد اور آزادی کا شعور اجاگر کرنے کا ایک عظیم ذریعہ بنے۔ ان کے افکار نے مسلمانوں کو ایک الگ قومی شناخت اور آزاد وطن کے حصول کے لیے فکری سمت فراہم کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ محض ایک عظیم شاعر ہی نہیں بلکہ ایک ایسے مدبر مفکر اور صاحبِ بصیرت رہنما تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے مسلمانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کیا اور انہیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد، بلند مقاصد کے تعین اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کا تصورِ خودی انسان کو اپنی پہچان، خودداری، کردار کی مضبوطی اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا شعور عطا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا خواب ایک ایسے معاشرے کا قیام تھا جہاں عدل و انصاف، مساوات، علم، برداشت، اخوت اور انسانی وقار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔ آج پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے افکار اور تعلیمات کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ نوجوان نسل ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے خوابوں کی حقیقی وارث ہے۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی، مثبت سوچ اور عملی جدوجہد کو اپنا شعار بنائیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام نوجوانوں کو محدود سوچ سے نکل کر بلند پروازی، خود اعتمادی اور قومی خدمت کی طرف راغب کرتا ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یومِ اقبال ہمیں اس عظیم مفکر کے افکار، نظریات اور تعلیمات پر غور کرنے اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں عملی طور پر اپنانے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے پیغام کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے اپنے کردار، طرزِ عمل اور قومی ترجیحات کا حصہ بنائیں۔ اتحاد، جمہوری اقدار، باہمی احترام، رواداری اور اجتماعی ذمہ داری کے فروغ کے ذریعے ہی ہم ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کی تشکیل کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کی فکر اور نظریات ہماری قومی سمت کے تعین، نوجوانوں کی فکری تربیت اور پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل میں ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کا پیغام آج بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ قومیں بلند خیالات، مضبوط کردار، مسلسل محنت اور اجتماعی عزم سے اپنی تقدیر بدلتی ہیں۔
