مساجد کو دہشتگردی کیلئے استعمال کرنا بے حرمتی ہے، وزیر اعظم صدر
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے نواحی گاو¿ں موزک میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام اور شعائرِ اسلام کی صریح بے حرمتی ہے، جبکہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کا یہ عمل اسلامی تعلیمات سے انحراف کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں میر علی کے علاقے میں کامیاب کارروائی اور سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے مساجد جیسے مقدس مقامات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرکے نہ صرف مذہبی تقدس پامال کیا بلکہ اسلام کی بنیادی تعلیمات کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کی جانب سے مساجد کو دہشت گردی اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ان عناصر کا اسلام کی حقیقی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے، امن و استحکام کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو بارودی مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز کے طور پر استعمال کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے، دہشت گردوں کا یہ عمل مقدس مقامات کی کھلی بے حرمتی ہے۔ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے آپریشن کے دوران مساجد میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے مقدس مقامات کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ مساجد عبادت اور امن کے مراکز ہیں، انہیں دہشت گردی اور تشدد کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی معاونت سے سرگرم دہشت گرد عناصر کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، مذہب کی من پسند تشریح اور اسے اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ فتنہ الخوارج کی دہشت گردانہ کارروائیاں اور مساجد کی بے حرمتی ان کے اسلام دشمن عزائم کا واضح ثبوت ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے امن و استحکام اور عوام کے تحفظ کے لیے دہشت گردی کے خلاف قومی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
