dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

نئے صوبوں پر ریفرنڈم کرالیں، عوام نہیں چاہتے تو نہ بنائیں،محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر میں اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تقریباً ایک ہی پیج پر ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر طویل سیاسی اختلافات کے بجائے عوامی ریفرنڈم سے بہتر کوئی تجویز نہیں،اگر عوام نہیں چاہتے تو میں بھی کہوں گا کہ صوبے نہ بنائیں،کوئی بھی فیصلہ یکطرفہ طور پر مسلط نہیں کیا جائے گا،بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے،کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے کیونکہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے،غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے دیگر کیسز کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور سائبر کرائم اداروں کو مزید وسائل فراہم کرنے سے ایسے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔جمعرات کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے جبکہ ان کی اپنی تجویز مجموعی ری سیٹ سے متعلق ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتیں حکومت کی اہم اتحادی ہیں اور تمام فیصلے باہمی مشاورت و رضامندی سے ہوں گے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اتحادی جماعتوں کے درمیان اختلافات سے متعلق چلنے والی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا۔نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ اس معاملے پر ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کریں۔ہر سیاسی جماعت کو اس مسئلے پر اپنا الگ موقف رکھنے کا حق حاصل ہے، بشمول پیپلز پارٹی کے، لیکن حتمی فیصلہ عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔اگر عوام نئے صوبوں کی مخالفت کریں تو ان کا فیصلہ قبول کیا جائے اور اگر حمایت کریں تو سیاسی جماعتیں اس کا احترام کریں۔ اگر کسی کے پاس ریفرنڈم سے بہتر کوئی متبادل تجویز ہے تو وہ بھی عوام کے سامنے پیش کی جائے۔محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس مسئلے پر مختلف آرا رکھتی ہیں لیکن بحث کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے عوام کی رائے لینا سب سے بہترین حل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب جمہوریت اور عوام کی بالادستی کی بات کرتے ہیں، اگر عوام کہیں گے کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو میں 100فیصد ان کے ساتھ ہوں گا اور اگر عوام ان کے حق میں فیصلہ دیں تو نئے صوبے بننے چاہئیں ۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سروے اور عوامی مباحثے نئے صوبوں کی حمایت کا تاثر دیتے ہیں تاہم باضابطہ رائے شماری ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کا اپنا موقف ہے جبکہ بعض جماعتوں نے ابھی پالیسی واضح نہیں کی۔تجاوزات سے متعلق نوٹسز اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے رپورٹس پر ردعمل دیتے ہوئے محسن نقوی نے کسی ایک سیاسی شخصیت کو نشانہ بنانے کے تاثر کو مسترد کر دیا۔انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 4سے 5ماہ سے جاری مہم کے تحت 5یا 6ہزار افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں اور یہ نوٹس صرف مولانا فضل الرحمان کو نہیں بھیجے گئے۔انہوں نے اسلام آباد میں سرکاری اراضی پر قبضے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو قانونی چارہ جوئی کا پورا حق حاصل ہوگا۔سیاسی کشیدگی اور انتقامی احتساب کے الزامات پر محسن نقوی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سیاسی معاملات میں ری سیٹ کی بات کر دی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام نہ سمجھا جائے کیونکہ پاکستان میں کرپشن موجود ہے اور شواہد کی بنیاد پر کارروائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ اپنے اندر بھی احتساب کر رہی ہے اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے بڑے کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے میں بھی ایک سرکاری افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ کئی افسران کو عہدوں سے ہٹایا جا چکا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر چلنے والے مواد کے حوالے سے احتیاط برتنے اور پروپیگنڈے سے بچنے کی تلقین بھی کی۔وزیر داخلہ نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کم وسائل اور آبادی کے مقابلے میں قلیل عملے کے باوجود ایجنسی نے ایک بڑا بین الاقوامی امتحانی فراڈ پکڑا ہے۔اس گینگ نے غیر قانونی طریقوں سے تقریباً 5000پاکستانیوں کو بین الاقوامی اداروں کے امتحانات پاس کرائے۔انہوں نے کہا کہ اس گینگ اور اس سے فائدہ اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی کیونکہ یہ اسکینڈل عالمی سطح پر پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا سکتا تھا۔انہوں نے اس کامیابی پر ڈائریکٹر جنرل عاطف اکرام شیخ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔محسن نقوی نے مزید انکشاف کیا کہ حکام نے گزشتہ 1ماہ کے دوران آن لائن فحش مواد کے کاروبار میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن کا تعلق پاکستان بالخصوص لاہور سے ہے اور وہ بین الاقوامی ویب سائٹس سے منسلک تھے۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی کال سینٹرز اور بچوں کے استحصال سے جڑے دیگر کیسز کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے اور سائبر کرائم اداروں کو مزید وسائل فراہم کرنے سے ایسے نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں وہ انہیں ملیں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More