سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، بابر یوسفزئی
معاون براے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نےاپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام تک ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے۔ بھارتی سرپرستی میں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔بابر یوسفزئی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر ایک جامع حکمت عملی ہے، جس کے تحت ریاستی ادارے متحد ہوکر ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔معاون برائے داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان کا امن اور قومی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ادارے متحد ہیں بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن، استحکام اور ترقی کا سفر جاری رکھا جائے گا۔
