ملک دشمن عناصر کےخلاف پوری قوم اور ریاستی ادارے متحد ہیں‘وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی بیخ کنی اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں، مستعدی اور عزم قابلِ تحسین ہیں۔ اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ 3 نومبر سے جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتن الخوارج اور فتن الہندوستان کے دہشت گرد ٹھکانوں کو مو¿ثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جبکہ کارروائیوں کے دوران دہشت گرد عناصر کا خاتمہ اور ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ شاہد رند نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وڑن عزمِ استحکام کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی مکمل بیخ کنی تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
