نئے صوبے بنانا مذاق نہیں،زبردستی کی تقسیم سے لوگ ہتھیار اٹھائینگے، بلاول بھٹوزرداری
چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹونے کہا ہے کہ ہمیں سیاسی انتقامی کارروائیوں کی ریت ختم کرنی چاہیے ۔ سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا ہو گا آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے ۔ حکومت کو مولانا فضل الرحمان اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ مولانا کا پی ڈیم ایم میں کردار نہ ہوتا تو آپ کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے ۔ سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو پارلیمان سے اس کا آغاز کیا جائے ۔ نئے صوبے بنانا کوئی مذاق نہیں ، زبردستی کی تقسیم سے عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا ، کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا ۔ میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوے بلاول نے کہا میڈیا معاشرے کا چیک اینڈ بیلنس ہے، صحافی ملک کی اصل طاقت ہیں، آواز اور قلم میں حکومتیں بنانے اور گرانے کی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں صحافی اتنا کمزور نہیں تھا جتنا آج ہے تو اس کو ری سیٹ کرنا پڑے گا تاکہ آپ کے پاس وہ طاقت ہو جو آپ کا حق ہے، اگر آپ کو سچ بولنے کیلئے سوچنا پڑے گا تو میڈیا کا ادارہ چل نہیں سکے گا، سیاستدان کردار ادا نہیں کریں گے تو عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف نہیں جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہمیں قانونی حیثیت بحال کرنا ہوگی جو ہر ادارے میں ہم نے کھوئی ہے، سب سے پہلے میڈیا سے شروع کرتے ہیں، کراچی پریس کلب سے آغاز کرتے ہیں، میڈیا کی آزادی کے لیے ہم نسل در نسل جدوجہد کرتے آ رہے ہیں، ہم صحافیوں کی آواز بننے کیلئے تیار ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اختلافِ رائے کا جواب گولی، بندوق اور دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے، اپوزیشن پر تنقید کی بنیاد پر اسے محب وطن نہ ہونے کا الزام دینا ناانصافی ہے، حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم خودتباہ نہیں ہوا اسے تباہ کیا گیا ہے، سسٹم کا جو علاج بتایا جا رہا ہے وہ اس بیماری کا علاج نہیں، ری سیٹ کرنے کیلئے غیرسیاسی نہیں سیاسی ہونا پڑے گا، سسٹم کو پارلیمان کے ذریعے ری سیٹ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جتنا بھی برا لگے لیکن مولانا فضل الرحمان کی باتوں کا جواب دیں، مولانا فضل الرحمان کے بغیر آپ آج کرسی پر نہ بیٹھے ہوتے، مولانا اور پی ٹی آئی کا اعتماد بحال کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ آ ج اپ کو کیسے یاد آ گیا کہ مولانا کا گھر غیر قانونی تجاوزات میں ہے ۔ اگر کوئی زبان کھولے گا تو اس کے پیچھے کیا نیب کو ڈال دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چاہتے ہیں کہ پارلیمان کام کرے تو انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی، آخر مزید کتنا انتقام لینا ہے؟بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی وزیراعظم بنتا ہے وہ جیل چلا جاتا ہے، اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، خوف ہے ان حالات میں پاکستان کے عوام کا کیا حال ہوگا، سیاستدان عوامی مسائل بھول چکے ہیں باقی ہر موضوع یاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے میں ذمہ دار ہوں۔انہوں نے کہا ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، اگر سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمان سے کیا جائے، اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاہمیں سیاسی قیدیوں کو آزاد کرنا پڑے گا، آج نہیں تو کل یہ ہونا ہے، آپ پی ٹی آئی کے پاس جائیں بات کریں، اگر وہ دہشتگردی کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں تو گورنر راج ختم ہوسکتا ہے۔چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا۔ان کاکہنا تھا ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے۔ چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کے ساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ہے، پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، ہم پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ یہ ہےکہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمان پر اعتماد ہی نہیں، پارلیمان کا اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شاید تاریخ میں ہمارا میڈیا اتنا کمزور نہیں ہوا جتنا آج ہے، آپ ڈرتے ہو کہ اگر سچ بولوں گا تو کارروائی ہوگی تو کیسے کام کرسکیں گے، صحافیوں کے پاس وہ طاقت ہونی چاہیے جو اس کا حق ہے۔انہوں نے کہا میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات نہیں دیکھے، جس تیزی سے مہنگائی میں اضافہ ہورہا ہے ،گزارہ کیسے ہوگا، فکرمند ہوں غریب اور پسماندہ طبقے کا ان حالات میں کیا ہو گا، پاکستان کے سیاستدان عوام کے مسائل کو بھول چکے ہیں، وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کی بات کررہے ہیں لیکن عوام کے مسائل پر توجہ نہیں دے رہے، پاکستان میں کرپشن بنیادی ایشو ہے،کرپشن ختم کرنے میں کسی کی کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی زور زبردستی سے صوبے بنانے کے حق میں نہیں ہے ۔ نئے صوبے بنانا کوئی مذاق نہیں ۔ زبردستی کی تقسیم سے لوگ ہتھیار اٹھائیں گے ۔ سندھ کی تقسیم سے کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا یہ احتجاج ایک شہر تک محدود نہیں رہے گا پور اصوبہ اس کی لپیٹ میں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے صوبے بنا نے کے لئے ریفرنڈم واحد حل ہے ۔ ابھی تو پارلیمان میں کیا کابینہ میں بھی صوبوں کے معاملے پر بحث نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ محسن بھائی کیا کرنا چاہ رہے ہیں کوئی ایک وزیر کس طرح صوبوں کی رٹ لگا سکتا ہے ۔ ہم نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنوایا تھا ہم انھیں کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں اب انکے پاس اتنا تو اختیار ہو نا چاہیے کہ وہ اپنے وزیر کو کنٹرول کر سکے ۔ انہوں نے کہا میں عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوں ۔ اس ملک کی تاریخ ہے ہر وزیراعظم چور ہے ۔ تمام وزرائے اعظم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا یا جاتا ہے ۔ میں وہ دن دیکھنا چاہتا ہوں جب کسی وزیراعظم کو جیل نہ جانا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ نظام کو ٹھیک کرنے کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا ۔ اس کے لئے ہمیں پہلے سسٹم میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنی ہو گی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ میڈیا کو مکمل آزادی ملنی چاہیے تاکہ وہ عوامی مسائل اجاگر کرسکے۔ صحافی سچ بولنے سے پہلے قانونی کارروائی کے خوف میں مبتلا ہیں، پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث میڈیا پر دباو¿ بڑھا ہے۔ میڈیا کو صرف آدھی بات نہیں بلکہ مکمل سچ بیان کرنے کے قابل ہونا چاہیے، کیونکہ آزاد میڈیا کے بغیر ملک کا نظام بھی بہتر نہیں چل سکتا۔ انہوں نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز کو پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں گے اور صحافیوں کی آواز بنیں گے۔انہوں نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کو مستقل حل قرار دینے کے بجائے تمام سیاسی جماعتوں کو دہشتگردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی دہشتگردی کے خلاف تعاون کے لیے تیار تھی تو اس سے دوبارہ بات چیت کی جائے۔ وفاق اور اپوزیشن کو مل کر دہشتگردی کے خلاف ذمہ داری اٹھانی چاہیے اور پی ٹی آئی کو بھی مشترکہ کوششوں میں شامل کیا جائے۔ سیاسی جماعتوں کو وفاقی نظام میں شراکت دار بنانا ہوگا۔جمہوری نظام کی اصلاح اور عوامی مسائل کا حل ترجیح ہونا چاہیے۔ پارلیمان، میڈیا، انتخابی نظام، عدلیہ اور احتسابی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔
