فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربہ اہم سنگ میل ہے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ، 18 نومبر ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پاکستان آرمی کی جانب سے فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے کو ملکی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے پوری قوم، پاک فوج، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ہے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فتح تھری سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت، قومی خود انحصاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے۔ جدید نیویگیشن اور پروپلشن سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک انتہائی درستگی اور سپرسونک رفتار سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فتح تھری کی شمولیت سے پاک فوج کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت پاکستان کے روایتی دفاعی نظام اور مو¿ثر دفاعی بازدارندگی کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ قومی سلامتی اور ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عزم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ دفاعی حکمت عملی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ فتح تھری کا کامیاب تجربہ اسی تسلسل کی ایک اہم کڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس اہم کامیابی پر صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور افواج پاکستان کی قیادت کی جانب سے متعلقہ اداروں اور ٹیموں کی خدمات کو سراہنے کے اقدام کو بھی قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ قومی دفاع کے شعبے میں سائنسدانوں، انجینئرز اور عسکری ماہرین کی محنت اور لگن ملک کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط دفاع، قومی یکجہتی اور جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرتا رہے گا۔
