آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے وفاق تمام وسائل فراہم کرےگا، وزیراعظم
آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل تیز کرنے، عوامی مسائل کے حل اور خطے کو معاشی و سیاحتی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے وفاقی اور آزاد کشمیر حکومت نے بڑے اقدامات کا اعلان کر دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے سو روزہ ترقیاتی منصوبے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے منصوبوں پر عملدرآمد کا عزم ظاہر کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے خطے میں موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر نئی ترقیاتی تاریخ رقم کرنے پر زور دیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر میں جاری منصوبوں کی مو¿ثر نگرانی، پولیس اصلاحات، عوامی شکایات کے فوری ازالے اور نوجوانوں کو روزگار کے لیے ہنرمند بنانے کی تجاویز پیش کیں، جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے سو روز میں عملی تبدیلی دکھانے، چھ ماہ میں سیاحت کے شعبے کی تنظیم نو اور مزید شہروں میں گرین بس سروس شروع کرنے کا اعلان کیا۔آزاد کشمیر کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے پر عمل درآمد کے لیے جس تعاون کی ضرورت ہوگی، وفاقی حکومت وہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے جاری کیے گئے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں بہت جلد رنگ لائیں گی اور وہ دن دور نہیں جب ان کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔وزیراعظم نے قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش سکول کا افتتاح کیا جائے گا، جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں ڈالر کی قیمت 104 روپے سے آگے نہیں بڑھی، بجلی کا بل 200 روپے آتا تھا اور ان کی حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خیرباد کہہ دیا تھا، تاہم بعد میں آنے والی حکومت اسے دوبارہ لے آئی۔نواز شریف نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ ہونا چاہیے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ کس جماعت نے اپنے دور میں عوام کے لیے کیا اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کا جذبہ دیدنی تھا اور اب ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر ترقی کا نیا ریکارڈ قائم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کو تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے اور سابق حکومتوں نے عوام کے ساتھ ناقص اور بے حسی پر مبنی سلوک کیا۔ موجودہ قیادت میں عوام کی خدمت کا جذبہ خوش آئند ہے، کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی توجہ ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں پر رہی ہے۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دور میں آزاد کشمیر میں کئی بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کرنا چاہتے تھے، جن میں موٹروے کی تعمیر بھی شامل تھی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں موٹروے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔سابق وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں ایک جماعت کی 15، 15 سالہ حکومتوں کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ لواری ٹنل کا منصوبہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں شروع ہوا تھا، تاہم مکمل نہ ہو سکا۔ ان کے مطابق اس منصوبے کو مکمل کرنے کا انہیں یہ صلہ ملا کہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں بجلی کی 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی گئی، ڈالر کی قیمت 104 روپے سے نہیں بڑھی اور آئی ایم ایف کو خیرباد کہا گیا تھا۔ نواز شریف نے اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف حکومتوں کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ ضروری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی، پولیس اصلاحات اور عوام تک حکومتی رسائی بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کر رہی ہے بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھی ہر وقت دستیاب ہے۔مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھی ہوئی ہے اور وہ نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے منتظر تھے تاکہ وعدوں کے مطابق ترقیاتی پروگرام شروع کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی میں حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنا گھر اسکیم، گرین بس، کلینک آن ویلز، کیتھ لیبز اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام شروع کیے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے منصوبوں کی تکمیل کے لیے ٹائم لائنز مقرر کی ہیں، اس لیے وزرا کو واضح اہداف دیے جائیں اور ان کی پیش رفت کی مسلسل نگرانی کی جائے۔ منصوبوں پر عمل درآمد کے ساتھ یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ عوام ان سے کس حد تک مستفید ہو رہے ہیں۔مریم نواز نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں پنجاب میں ایسا ادارہ فراہم کیا جو اب صوبے کی انتظامی کارکردگی میں بنیادی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ ٹیکنالوجی کے ذریعے منصوبوں سے فائدہ اٹھانے والے افراد اور ان کی نگرانی سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات حاصل ہوتی ہیں، جس سے حکومتی امور میں آسانی پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو پولیس اور امن و امان کے شعبوں میں اصلاحات پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف اسپتال، کلینک آن ویلز یا گرین بسیں شروع کرنا کافی نہیں بلکہ ان منصوبوں کی چوبیس گھنٹے نگرانی بھی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنی حکومت تک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ اگر کسی شہری کو پولیس، راشن، غربت یا صحت کے حوالے سے مدد درکار ہو تو ایسا فورم موجود ہونا چاہیے جہاں وہ اپنی شکایت درج کرا سکے اور اسے 24 گھنٹوں کے اندر جواب ملے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومتی سربراہ اور وزرا کی عوام تک رسائی، ان کی موجودگی اور کارکردگی کی نگرانی انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو چاہیے کہ وہ عوام کے درمیان زیادہ وقت گزاریں، ان سے براہ راست رابطہ رکھیں اور وزرا کو واضح اہداف اور مدت کے ساتھ ذمہ داریاں سونپ کر ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں۔مریم نواز نے پنجاب میں ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اڑھائی سال کے دوران پانچ لاکھ افراد کو تربیت فراہم کی گئی، جن میں سے سیکڑوں افراد کو بیرون ملک ملازمتیں بھی حاصل ہوئیں۔ حکومت نے ان افراد کے ویزا عمل اور سفر کے اخراجات بھی برداشت کیے۔انہوں نے کہا کہ عالمی ملازمتوں کی منڈی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تربیتی پروگرام تیار کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے کسی شہری کو چھ ماہ کے اندر ہنرمند بنایا جا سکتا ہے۔مریم نواز نے یقین دہانی کرائی کہ اگر آزاد کشمیر حکومت کو کسی بھی معاملے میں پنجاب حکومت کے تعاون کی ضرورت ہوئی تو وہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے اور پوری دنیا میں پاکستان کو مضبوط دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں پر فوری عمل درآمد شروع کیا جائے گا اور آئندہ 100 دنوں کے دوران عوام کو عملی طور پر کام ہوتا نظر آئے گا۔ ان کے مطابق حکومت عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے بتایا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران سیاحت کے شعبے کی تشکیل نو کر دی جائے گی، جبکہ مزید چھ شہروں میں آئندہ 100 دنوں کے اندر گرین بسیں چلائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہنرمندی کے فروغ کے پروگرام کا فوری آغاز کیا جا رہا ہے اور سیاحتی مقامات تک رسائی بہتر بنانے کے لیے سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے ترقیاتی وعدوں کو عملی شکل دینے اور مقررہ مدت میں منصوبوں کی تکمیل کے لیے پ±رعزم ہے۔
