پاکستان کا فتح3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت
پاکستان نے قومی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے پر موجود اہداف کو سپرسونک رفتار سے انتہائی درستگی اور مہلک صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی استعداد رکھتا ہے۔ کامیاب تجربے کو پاکستان کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیت اور دفاعی پوزیشن مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتح-3 میزائل جدید نیویگیشن اور پروپلشن نظام سے لیس ہے، جو اسے طویل فاصلے تک اہداف کو تیز رفتار اور غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 میزائل کی کامیابی سے پاکستان آرمی کی راکٹ فورس کمانڈ کی آپریشنل لچک اور حملے کی رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا، جبکہ یہ پیش رفت ملک کی مجموعی روایتی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مو¿ثر اور مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق فتح-3 میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ کمانڈر آرمی راکٹ فورس کمانڈ اور پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران نے کیا۔ اس موقع پر میزائل کی تیاری اور ترقی میں کردار ادا کرنے والے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس اہم کامیابی کا مشاہدہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے فتح-3 سپرسونک کروز میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کی ہے، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے بھی اس اہم دفاعی کامیابی کو سراہا ہے۔صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے قومی دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرنے پر متعلقہ تمام افراد، سائنسدانوں اور انجینئرز کی لگن، محنت اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فتح-3 کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل پیش رفت اور قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
