عوام اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے، اسحاق ڈار
حکومت نے ملک بھر میں چینی کی بلاتعطل فراہمی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں چینی کی طلب اور رسد کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مقامی منڈیوں میں چینی کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے موجودہ پیداوار، کھپت کے تخمینوں اور سپلائی چین کے انتظامات پر غور کیا گیا، جبکہ اضافی چینی کی برآمد سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملکی منڈیوں میں چینی کی مناسب دستیابی اور قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے جائیں تاکہ صارفین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور صارفین کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت اس حوالے سے صارفین کے حقوق کے ساتھ ساتھ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے بھی پوری طرح پ±رعزم ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ نے شرکت کی، جبکہ سیکرٹری تجارت، سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی، سیکرٹری قانون و انصاف سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس میں چینی کی ملکی ضروریات، دستیاب ذخائر اور رسد کے نظام کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
