خواتین کی سیاسی نمائندگی کے باوجود ادارہ جاتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے‘راحیلہ درانی
خواتین کے حقوق، صنفی مساوات، سیاسی و معاشی خودمختاری اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے سرگرم ملک کی ممتاز تنظیم شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر کی گولڈن جوبلی کی تقریب لاہور کے پرل کانٹینینٹل ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے خواتین پارلیمنٹیرینز، وفاقی و صوبائی محتسب اداروں کے نمائندوں، سرکاری حکام، انسانی حقوق کی کارکنوں، نسوانی تحریک کی رہنماو¿ں، شرکت گاہ کی بانی اراکین، بورڈ ممبران اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسی روز صبح شرکت گاہ کے زیر اہتمام کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے خلاف ”اسٹینڈنگ ٹوگیدر اگینسٹ ہراسمنٹ“ (SAATH) منصوبے کی اختتامی تقریب بھی منعقد ہوئی، جبکہ دوپہر ایک بجے سے شام چھ بجے تک ادارے کی پچاس سالہ جدوجہد اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے گولڈن جوبلی کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گولڈن جوبلی کی تقریب کے شرکاءنے خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی خودمختاری، انسانی حقوق کے تحفظ اور صنفی مساوات کے لیے شرکت گاہ کی نصف صدی پر محیط جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی، سیاسی نمائندگی اور سماجی شعور میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم صنفی امتیاز، تشدد، معاشی ناہمواری، جنسی ہراسانی اور قوانین کے مو¿ثر نفاذ جیسے چیلنجز بدستور موجود ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے حکومت، پارلیمان، متعلقہ اداروں اور سول سوسائٹی کے درمیان مستقل رابطہ کاری اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔اس موقع پر شرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فریدہ شہید نے ادارے کے تاریخی پس منظر اور پچاس سالہ جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شرکت گاہ کی بنیاد 1975 میں چند باشعور اور پ±رعزم خواتین نے انسانی حقوق، مساوات، ترقی اور اجتماعی قیادت کے اصولوں پر رکھی تھی۔ محدود وسائل سے شروع ہونے والی یہ جدوجہد وقت کے ساتھ خواتین کے حقوق کی ایک وسیع قومی تحریک کا حصہ بنی۔ ادارے نے خواتین کی معاشی خودمختاری، سیاسی شرکت، تعلیم، صحت، قانونی آگاہی، تحقیق، قیادت اور پالیسی سازی کے شعبوں میں مسلسل کام کیا۔فریدہ شہید نے جنرل ضیاءالحق کے دورِ آمریت میں خواتین کے خلاف امتیازی قوانین اور پابندیوں کے خلاف اجتماعی مزاحمت، خواتین کی تنظیم سازی اور نسوانی تحریک کو مضبوط بنانے میں شرکت گاہ کے تاریخی کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی حقیقی خودمختاری محض قانونی حقوق تک محدود نہیں بلکہ ان کی آواز، قیادت، وسائل تک رسائی اور اپنی زندگی سے متعلق فیصلوں میں آزادانہ شرکت سے وابستہ ہے۔ شرکت گاہ کا بنیادی فلسفہ لوگوں کے لیے نہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنا، ان کی آواز کو مضبوط بنانا اور انہیں اپنے حقوق اور مستقبل سے متعلق فیصلے خود کرنے کے قابل بنانا ہے۔بلوچستان کی صوبائی وزیر تعلیم اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے شرکت گاہ کی پچاس سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی خودمختاری کے لیے ادارے کی مسلسل جدوجہد کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، مو¿ثر قانون سازی، موجودہ قوانین میں ضروری ترامیم، انسدادِ ہراسانی اور خواتین کارکنوں کے لیے محفوظ ماحول کی فراہمی کے سلسلے میں شرکت گاہ سمیت سول سوسائٹی کی تنظیموں کے تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا۔راحیلہ حمید درانی نے بلوچستان میں خواتین کے خلاف تشدد، جبری شادیوں، صنفی امتیاز اور ہراسانی جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی سیاسی نمائندگی اور اعلیٰ عہدوں تک رسائی کے باوجود معاشرتی اور ادارہ جاتی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت برقرار ہے۔ انہوں نے بالخصوص تعلیمی اداروں میں طالبات اور خواتین اساتذہ کے تحفظ، جنسی ہراسانی کی روک تھام، شکایات کے مو¿ثر ازالے اور خواتین کے قانونی حقوق سے متعلق آگاہی پروگراموں کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے قوانین کو اردو اور علاقائی زبانوں میں عام کرنے اور خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بین الصوبائی رابطہ کاری کی تجویز بھی پیش کی۔گولڈن جوبلی کی تقریب میں بلوچستان کی خواتین پارلیمنٹیرینز شہناز عمرانی اور کلثوم نیاز بلوچ، صوبائی خاتون محتسب برائے انسدادِ ہراسانی ایڈووکیٹ طاہرہ بلوچ، بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ جسٹس کیلاش ناتھ کوہلی، مختلف صوبوں کی خواتین پارلیمنٹیرینز، وفاقی و صوبائی محتسب اداروں کے نمائندوں، خیبر پختونخوا کمیشن برائے حیثیتِ نسواں کی چیئرپرسن، سابق خواتین اراکین اسمبلی، شرکت گاہ کی بانی رہنماو¿ں، بورڈ اراکین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس سے قبل صبح منعقد ہونے والی ”ساتھ“ منصوبے کی اختتامی تقریب میں کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی کے خلاف موجودہ قوانین، ان کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں، تحقیق، قانونی اصلاحات اور شکایات کے مو¿ثر ازالے کے نظام پر تفصیلی تبادلہ? خیال کیا گیا۔ WhatWorks II اور UK Aid کی مالی معاونت سے جاری اس منصوبے کے تحت تحقیق، تربیت، قانونی آگاہی اور پالیسی سطح پر وکالت کے ذریعے خواتین اور دیگر محنت کش طبقات کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی پر کام کیا گیا۔شرکت گاہ کی ڈائریکٹر پروگرامز حمیرا شیخ نے منصوبے کے مقاصد، سرگرمیوں اور نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی سے متعلق مستند تحقیق اور معلومات کی کمی ایک اہم چیلنج رہی ہے، جسے دور کرنے کے لیے منصوبے کے تحت تحقیقی سرگرمیوں، تربیت اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دیا گیا۔ اس موقع پر منصوبے کی سرگرمیوں اور تجربات پر مبنی دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔آغا خان یونیورسٹی کی تحقیقی شراکت دار روزینہ کرمالیانی نے منصوبے کے تحت ادارہ جاتی رویوں، جنسی ہراسانی سے متعلق مسائل اور تربیتی سرگرمیوں میں شریک افراد کے تجربات پر مبنی تحقیقی نتائج پیش کیے۔ محنت کش خواتین اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ تربیتی سرگرمیوں سے انہیں جنسی ہراسانی کی مختلف صورتوں، قانونی حقوق اور شکایات درج کرانے کے طریقہ کار سے آگاہی حاصل ہوئی، جس سے ان کے اعتماد اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔شرکت گاہ کی فائزہ شیخ اور سپریم کورٹ کے وکیل ثاقب جیلانی نے کام کی جگہوں پر جنسی ہراسانی سے متعلق وفاقی قانون میں مجوزہ ترامیم پیش کرتے ہوئے موجودہ قانونی اور انتظامی خامیوں کی نشاندہی کی۔ انہوں نے قانون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مو¿ثر قانونی تحفظ فراہم کرنے اور شکایات کے ازالے کے نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سینٹر آف ایکسی لینس اِن ریسپانسبل بزنس کی نمائندہ نازش شیخہ نے خواتین کو جنسی ہراسانی کی شکایات درج کرانے میں درپیش مشکلات، قانونی آگاہی اور مقامی سطح پر سرگرم تنظیموں کی استعداد کار بڑھانے کی اہمیت اجاگر کی۔وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسانی فوزیہ وقار، پنجاب کی صوبائی محتسب ڈاکٹر نجمہ افضل، بلوچستان کی صوبائی محتسب ایڈووکیٹ طاہرہ بلوچ اور خیبر پختونخوا کے محتسب ادارے کے چیف ایڈوائزر عباس خان نے متعلقہ قوانین کے نفاذ، محتسب اداروں کی استعداد کار، شکایات کے مو¿ثر ازالے اور وفاقی و صوبائی سطح پر قانونی و انتظامی ہم آہنگی کے معاملات پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے محتسب اداروں کو مزید مضبوط بنانے، متعلقہ قوانین میں ہم آہنگی پیدا کرنے اور خواتین کو بلاخوف شکایات درج کرانے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔خواتین پارلیمنٹیرینز کے خصوصی اجلاس میں پنجاب سے نسرین اظہر اور عظمیٰ کاردار، سندھ سے تنزیلہ امی حبیبہ، شمیم ممتاز اور ڈاکٹر فوزیہ جبکہ بلوچستان سے راحیلہ حمید درانی، کلثوم نیاز بلوچ اور شہناز عمرانی نے شرکت کی۔ خیبر پختونخوا کمیشن برائے حیثیتِ نسواں کی چیئرپرسن سمیرا شمس بھی اجلاس میں شریک ہوئیں۔ خواتین پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ جنسی ہراسانی سے متعلق قوانین کو بدلتے ہوئے سماجی اور ادارہ جاتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے، تاہم موجودہ قوانین پر مو¿ثر عمل درآمد اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے قانون سازی اور پالیسی سازی میں خواتین کی بامعنی نمائندگی، بین الصوبائی تعاون اور خواتین کے عملی تجربات کو فیصلہ سازی کا حصہ بنانے پر زور دیا۔شرکاءنے اس امر پر اتفاق کیا کہ کام کی جگہوں، تعلیمی اداروں اور دیگر شعبوں میں خواتین کو محفوظ اور باوقار ماحول کی فراہمی کے لیے محض قانون سازی کافی نہیں بلکہ مو¿ثر عمل درآمد، ادارہ جاتی جوابدہی، قابلِ رسائی شکایتی نظام، قانونی آگاہی اور سماجی رویوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا، ٹیلی ویڑن ڈراموں اور دیگر ابلاغی ذرائع کے ذریعے خواتین کے قانونی حقوق اور انسدادِ ہراسانی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی اہمیت بھی بیان کی گئی۔شرکت گاہ کی گولڈن جوبلی کے موقع پر شرکائنے ادارے کی نصف صدی پر محیط خدمات اور خواتین کے حقوق کی تحریک سے وابستہ بانی رہنماو¿ں اور کارکنوں کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مزید مستحکم بنانے، نئی نسل کی قیادت کو فروغ دینے، خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی خودمختاری یقینی بنانے اور صنفی امتیاز، تشدد اور ہراسانی کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ خواتین کے حقوق کی تحریک کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تحقیق، قانون سازی، ادارہ جاتی اصلاحات، بین الصوبائی تعاون اور نچلی سطح پر خواتین کی تنظیم سازی کو مزید مضبوط بنانا ہوگا، تاکہ مساوات، انسانی وقار اور سماجی انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کی جدوجہد کو آئندہ نسلوں تک مو¿ثر انداز میں منتقل کیا جاسکے۔
