قومی اسمبلی کی طرز پر صرف پی ٹی وی کو کوریج کی اجازت دی جائے، ظہور بلیدی
بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی کی جانب سے ایوان کی کارروائی کی کوریج کے لیے نجی میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس پر وزیرِ اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافتی تنظیموں سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی نے سب سے پہلے کردگاپ میں میجر سمیت دو سیکیورٹی افسران کی شہادت پر گہرے دکھ اور دلی افسوس کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں قبائلی نظام کے حوالے سے پیش کی گئی قرارداد پر ان کی رائے کو بعض عناصر کی جانب سے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔میر ظہور بلیدی نے ایوان میں تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی طرز پر بلوچستان اسمبلی میں بھی سرکاری ٹی وی (پی ٹی وی)کے علاوہ دیگر تمام نجی میڈیا چینلز کے داخلے اور کوریج پر پابندی عائد کی جائے۔صوبائی وزیر کی اس تجویز پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ریٹائرڈ)عبدالخالق خان اچکزئی نے وزیرِ اعلی بلوچستان سے ان کی رائے طلب کی۔ جس پر وزیرِ اعلی میر سرفراز بگٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حساس معاملے پر حتمی رائے دینے سے قبل انہیں وقت دیا جائے تاکہ وہ میڈیا نمائندگان سے ملاقات کر سکیں۔وزیرِ اعلی نے واضح کیا کہ پہلے ہی مختلف نجی ٹی وی چینلز نے بلوچستان میں اپنے بیورو دفاتر بند کر دیے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کسی اقدام سے صحافی برادری میں مزید بے روزگاری پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا اور مین اسٹریم میڈیا کے دوستوں سے تفصیلی مشاورت کے بعد ہی ایوان کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے، اور امید ظاہر کی کہ باہمی مشاورت سے اس حوالے سے کوئی بہتر لائحہ عمل طے کر لیا جائے گا۔
