صدر ، وزیر اعظم کا عالمی یوم اساتذہ پر پیغام
اسلام آباد ،صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم اور نوجوانوں کے لیے مواقع میں اضافے کے لیے شعبہ تدریس کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے،عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اساتذہ کی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی اور معاون تدریسی ماحول میں مسلسل سرمایہ کاری جاری رکھنا ہوگی ، استاد اور طالب علم کے درمیان بنیادی تعلق کو برقرار رکھتے ہوئے اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے معاونت فراہم کی جانی چاہیے،نظام تعلیم کو قابلیت شناس، معیاری اور عالمی تقاضوں کے مطابق بنانا حکومت کی اولین ترحیح ہے۔عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیم، انسانی ترقی اور قومی تعمیر میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ہر تعلیمی نظام کا مرکز و محور ہوتے ہیں جو علم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ طالب علموں میں تحقیق و جستجو کو پروان چڑھانے، کردار سازی اور نوجوانوں کو معاشرے کے ذمہ دار اور مفید ارکان بننے کے لیے درکار مہارتوں اور اقدار سے روشناس کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا اثر و کردار کلاس روم سے کہیں آگے تک پھیلا ہوا ہے اور اس کے اثرات خاندانوں اور معاشروں کی زندگیوں میں نمایاں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم اساتذہ کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ یہ”اساتذہ کے مقام “سے متعلق 1966 کی آئی ایل او/یونیسکو سفارشات کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال کا موضوع ”اساتذہ کے ساتھ کھڑا ہونا ، 60سال تک پیشے کا تحفظ، ان کے مرتبے کو اگے بڑھانا اور ہمارے مستقبل کی تشکیل“اساتذہ کی اہمیت کو تسلیم کرنے اور انہیں درکار پیشہ ورانہ معاونت اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت اجاگر کرتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور بچوں و نوجوانوں کے لیے مواقع میں اضافے کے لیے شعبہ تدریس کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے، ہمیں اساتذہ کی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی اور معاون تدریسی ماحول میں مسلسل سرمایہ کاری جاری رکھنا ہوگی تاکہ وہ اپنے طالب علموں کی بدلتی ہوئی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہتر طور پر تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی بھی تعلیم کی فراہمی کے طریقہ کار کو تبدیل کر رہی ہے۔ ٹیکنالوجی تدریس اور سیکھنے کے عمل میں معاون ثابت ہو سکتی ہے تاہم یہ ان انسانی خصوصیات کا متبادل نہیں بن سکتی جو اساتذہ کلاس روم میں لے کر آتے ہیں جن میں ہمدردی، رہنمائی، اخلاقی تربیت اور طلبہ کو سمجھنے اور متاثر کرنے کی صلاحیت شامل ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ استاد اور طالب علم کے درمیان انسانی تعلق کو تعلیمی محور کی حیثیت سے برقرار رکھتے ہوئے اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔ صدر مملکت نے دور دراز، پسماندہ اور مشکل حالات سے دوچار علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کی خصوصی طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کا انحصار براہ راست ان کے اسکول کے استاد کی محنت اور عزم پر ہوتا ہے، ایسے اساتذہ کے لئے ضروری تربیت، وسائل اور سازگار حالات کار کی فراہمی کو یقینی بنانا ہر بچے کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کا منصفانہ موقع دینے کے لیے ضروری ہے۔ صدر مملکت نے اس موقع پر حکومتوں، تعلیمی اداروں، والدین، کمیونیٹیز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ تدریسی پیشے کو مضبوط بنانے اور اس قدر و منزلت میں اضافہ کے لیے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی معاونت پاکستان کی تعلیم اور مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔صدر مملکت نے تمام پاکستانی اساتذہ کو ان کی لگن، صبر واستقامت اور خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت ان نسلوں کے علم، کردار اور امنگوں کو وضع کرتی ہے جو ہمارے ملک کا مستقبل سنواریں گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہاکہ عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر میں پاکستان اور دنیا بھر میں مستقبل کے معمار نوجوانوں کی تعلیم و تربیت جیسے مقدس فرض پر معمور اساتذہ کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ اساتذہ نوجوانوں کی انفرادی تربیت، شخصی صلاحیتوں کو نکھارنے اور علم و معلومات کے اضافہ میں نا قابل فراموش کردار کی حیثیت رکھتے ہیں،نوجوانوں کی ذہنی نشوونما، فکری ارتقاءاور نسلوں کی رہنمائی کے باعث اساتذہ مشترکہ سماجی اساس اور معاشرتی اقدار کو بھی متعین کرتے ہیں،اساتذہ کی لگن، علم اور عزم بلاشبہ قوموں کے مستقبل کی تشکیل کرتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اساتذہ کامیاب نظامِ تعلیم کا بنیادی ستون ہیں جو طلبہ میں جستجو علم اور بدلتی دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے اعتماد اور درکار مہارتوں سے آراستہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کی کردار سازی میں درسگاہیں اور اساتذہ درحقیقت ملکی ترقی و خوشحالی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں،پاکستان کی ترقی کا دارومدار ہمارے نظامِ تعلیم کے معیار اور بالخصوص قابل اساتذہ کی عزم و محنت پر ہے۔انہوںنے کہاکہ جامع، مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی، تکنیکی ترقی اور روزگار کے علم پر مبنی نظامِ تعلیم ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے،عصر حاضر کے نئے چیلنجز اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنے طلبا کی علم کے علاوہ تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، اخلاقی اقدار، حالات کے مطابق ڈھلنے کی استعداد اور زندگی بھر سیکھنے کی تربیت بھی کریں۔انہوںنے کہاکہ نظام تعلیم کو قابلیت شناس، معیاری اور عالمی تقاضوں کے مطابق بنانا حکومت کی اولین ترحیح ہے، ملک کے طول و عرض میں دانش سکول دراصل معیاری تعلیم کو قابل اور باصلاحیت طلبا کی دسترس میں رکھنے کی کاوش ہے۔ تعلیمی مواقع کی یکساں فراہمی کے لیے حکومتی عزم دانش اسکولز کے دائرہ کار میں توسیع سے بھی عیاں ہے۔ باصلاحیت اور مستحق بچوں، بالخصوص معاشی طور پر پسماندہ اور تعلیمی سہولیات سے محروم علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے۔ انہوںنے کہاکہ نظام تعلیم کی بہتری میں اساتذہ کا کلیدی کرادر ہے۔ حکومت اساتذہ کی معیاری پیشہ ورانہ تربیت، جدید تعلیمی وسائل اور سازگار ماحول کی فراہمی کےلئے پ±رعزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ اسلام آباد میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ایکسیلنس اِن ٹیچر ایجوکیشن کا قیام اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے،یہ ادارہ اساتذہ کی جدید تعلیم و تربیت، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافے، تحقیق اور جدت کے مرکز کے طور پر قائم کیا گیا ہے۔ جو اساتذہ کو عصرِ حاضر کے تعلیمی تقاضوں کے مطابق علم، مہارتوں اور تدریسی طریقہ ہائے کار سے آراستہ کرنے میں یقینا معاون ثابت ہوگا۔انہوںنے کہاکہ حکومت قومی نصابِ پاکستان کے ذریعے نصاب میں اصلاحات پر بھی بھرپور کام کر رہی ہے۔اس تناظر میں حکومت، صوبوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کے تعاون سے قومی سطح پر ہم آہنگ تعلیمی معیار ، قابلیت ، تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، اور مستقبل کی ضروریات پر مرکوز معقول نصاب کے لیے کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ تعلیمی قابلیت کے ساتھ فنی تربیت اور ہنرمند استعداد کار کو بڑھانے پر بھی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور وزیراعظم یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام جیسے پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع نوجوانوں کے لیے نمایاں اقدامات ہیں۔ یہ تربیت صنعتی طلب اور عملی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کی فنی استعداد کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔انہوںنے کہاکہ آج اساتذہ کے دن پر میں قابل قدر اساتذہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خلوصِ نیت سے قابلِ تقلید اور معمارانِ قوم کی حیثیت سے اپنی خدمات جاری رکھیں۔بالخصوص ملک کے دور دراز، پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں خدمات سر انجام دینے والے اساتذہ کی لگن اور جذبہ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے کہاکہ ان کی خدمات ایک عظیم قومی کاوش کی حیثیت رکھتی ہیں اور ہماری اجتماعی قدر دانی اور بھرپور تعاون کی مستحق ہیں۔انہوںنے کہاکہ دیانت داری، ہمدردی، رواداری، نظم و ضبط، تخلیقی صلاحیت، باہمی احترام اور جذبہ حب الوطنی جیسی اقدار سے مزین نئی نسل ہی انشا اللہ مستقبل سنبھالے گے۔
