ڈپٹی کمشنر کیچ کی زیرِ صدارت قائم کرش پلانٹس کے مالکان کا اہم اجلاس
تربت 6 اکتوبر ۔ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی کی زیرِ صدارت ضلع کیچ میں قائم کرش پلانٹس کے مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کرش پلانٹس کی رجسٹریشن، ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد، ماحولیاتی آلودگی کے تدارک اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (CSR) کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، اسسٹنٹ کمشنر بلیدہ ابوبکر میروانی، ڈپٹی چیئرمین ضلع کونسل کیچ میر باہڈ جمیل دشتی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات طارق علی اور ضلع کیچ کے کرش پلانٹس کے مالکان نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ ماحولیات طارق علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ماحولیات کے ریکارڈ کے مطابق ضلع کیچ میں 12 کرش پلانٹس رجسٹرڈ ہیں، جبکہ بعض پلانٹس تاحال غیر رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے رجسٹریشن کی صورتحال اور ماحولیاتی قوانین و ضوابط پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، شہریوں کی صحت اور صاف ماحول کا قیام ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کرش پلانٹس سے پیدا ہونے والی گرد و غبار اور دیگر ماحولیاتی اثرات کے تدارک کے لیے تمام مالکان کو متعلقہ قوانین اور ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام کرش پلانٹس کی قانونی حیثیت اور رجسٹریشن کا جائزہ لیا جائے گا اور غیر رجسٹرڈ یا قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پلانٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کرش پلانٹس مالکان پر زور دیا کہ وہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ CSR کے تحت عوامی فلاح و بہبود میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ایمبولینسز کی مرمت و بحالی، سرکاری اسکولوں کی تعمیر و مرمت، مستحق طلبہ کے لیے اسکالرشپس، سرکاری ہسپتالوں کی بہتری اور دیگر عوامی مفاد کے منصوبوں میں تعاون کی تجویز پیش کی۔اجلاس کے اختتام پر کرش پلانٹس مالکان نے ضلعی انتظامیہ کی ہدایات اور تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد اور CSR کے تحت عوامی فلاحی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ماحولیاتی تحفظ، عوامی مفاد اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے درمیان مو¿ثر اشتراک کو مزید فروغ دے گی۔
