dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈی تک رسائی سے کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا ،جام کمال

وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس دوران دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال بھی موجود تھے۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ملاقات میں پاکستانی آم اور کھجور کی امریکی منڈی تک رسائی کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ۔سیکرٹری تجارت نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ،مجوزہ تجارتی معاہدے کی چند تکنیکی شقوں پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر سے مزید بات چیت درکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم کی برآمدات کے لیے امریکی معائنہ ٹیموں کے دورے میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ،بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈی تک رسائی ملنے سے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کو فائدہ ہوگا ۔امریکی وفد نے پاکستانی زرعی مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی دینے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطے کی یقین دہانی کرائی جبکہ امریکا سے کپاس اور سویابین کی درآمدات بڑھانے اور تجارتی مالی معاونت کے امکانات بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے زرعی شعبے میں جدیدٹیکنالوجی، فوڈ پراسیسنگ اور کولڈ چین کے وسیع مواقع موجود ہیں ،انہوں نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امریکی کاروباری ادارے 23 سے 26 نومبر تک کراچی میں ہونے والی فوڈ نمائش 2026 میں شرکت کریں ۔وزیر تجارت نے کہا کہ بلوچستان میں کھجور، زیتون کے تیل اور دیگر زرعی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے نمایاں مواقع موجود ہیں۔ملاقات میں معدنیات، کان کنی، تکنیکی تعاون اور ہنرمند افرادی قوت کی ترقی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا ۔امریکی وفد نے پاکستان کے معدنیاتی شعبے میں سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی ۔فریقین نے تجارتی مذاکرات آگے بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More