برآمدکنندگان کے مسائل حل اور برآمدات میں اضافے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے،جام کمال
وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں کا مشاورتی اجلاس منعقد ہواجس میں برآمد کنندگان کے مسائل حل کرنے، صنعتی مسابقت بہتر بنانے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کےلئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا گیا۔بدھ کو ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے تجارت و صنعت سے متعلق رابطہ کار رانا احسان افضل خان، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مختلف محکموں کے سینئر حکام بھی شریک ہوئے۔ کاروباری برادری کے متعدد نمائندوں نے اپنی آرا اور تجاویز پیش کیں ۔وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان کی برآمدات میں تنوع پیدا کرنے، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے فروغ، نئی بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش ، برآمد کنندگان کو درپیش رکاوٹیں دور کرنے ، توانائی کی بڑھتی قیمتوں، نقل و حمل و مال برداری کے اخراجات، ٹیکسوں اور عالمی تجارتی حالات میں تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کو کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متعلقہ وزارتوں اور ضابطہ جاتی اداروں کے باہمی تعاون سے عملی حل تلاش کرنے کے لیے صنعتی شعبے کے نمائندوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہے۔وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے اس بات پر زور دیا کہ برآمد کنندگان کے مسائل کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے، متعلقہ محکموں سے ان پر مقف حاصل کیا جائے ا ور قابلِ عمل سفارشات مرتب کی جائیں۔اجلاس کے دوران کاروباری برادری کے نمائندوں نے ایکسپورٹ امپورٹ بینک(ایگزم بینک)کی برآمد کنندگان کےلئے متعارف کرائی گئی سکیم کو سراہتے ہوئے اسے برآمدی مالی معاونت تک رسائی بہتر بنانے اور بین الاقوامی منڈیوں تک وسعت دینے کے خواہاں اداروں کی معاونت کےلئے مثبت اقدام قرار دیا۔ صنعتی شعبے کے نمائندوں نے توانائی کے اخراجات، کیپٹو پاور پلانٹس کےلئے گیس لیوی، صوبائی انفراسٹرکچر لیویز اور پیداواری لاگت میں اضافے سے متعلق تحفظات پیش کیے۔ اس موقع پر پٹرولیم ڈویژن کے حکام نے گیس لیوی کے طریق کار بارے بریفنگ دی ۔ انہوں نے عالمی سپلائی چین میں تعطل کے پیشِ نظر ادائیگیوں کی تکمیل کے لیے مقررہ مدت میں مزید لچک پیدا کرنے کی تجویز دی۔ شرکا نے ان منڈیوں کا جائزہ لینے کی سفارش کی جہاں بنگلہ دیش اور بھارت کو ترجیحی تجارتی سہولتیں حاصل ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی برآمدی مسابقت بہتر بنانے کے لیے دوطرفہ تجارتی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے امکانات تلاش کرنے پر بھی زور دیا ۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے شرکا ءکو بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں جس میں بیماریوں پر قابو پانا، سرمایہ کاری، افزائشِ نسل میں بہتری اور ویلیو ایڈڈ برآمدات کا فروغ شامل ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نجی شعبے کی قیادت میں ایک مخصوص لائیوسٹاک بورڈ قائم کرنے کے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے،معدنیات برآمد کرنے والوں نے کان کنی میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد پر پابندیوں اور ودہولڈنگ ٹیکس سے متعلق تحفظات پیش کیے۔ اس موقع پر جراحی کے آلات کے شعبے کی نمائندگی کرتے ہوئے قیصر سلیم شبیر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستان کی برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند افرادی قوت، صنعتی سرمایہ کاری اور صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ وزارتِ تجارت مختلف شعبوں کے مخصوص اور مشترکہ مسائل کو یکجا کرے گی اور وزیراعظم کے غور و خوض کے لیے قابلِ عمل سفارشات تیار کرنے کی غرض سے متعلقہ وزارتوں سے ان معاملات پر جواب حاصل کرے گی۔بلال اظہر کیانی نے بھی اس بات پر زور دیا کہ برآمد کنندگان کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو منظم انداز میں مرتب کرکے آئندہ مشاورتی اجلاس میں متعلقہ محکموں کے ساتھ ان کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان مسلسل مشاورت، برآمدات میں تنوع، صنعتی ترقی اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی مسابقت مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
