پاکستان کا پانی روکنا جنگی اقدام تصور ہو گا، شہباز شریف
پاکستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی،ڈیجیٹل سکلز، صحت، تعلیم، دفاع، بحری سلامتی، زراعت، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی 20 یادداشتوں (ایم او یوز)پر دستخط کر دیئے ہیں جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو آئندہ دو سال میں 13.9 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک لے جانے، اقتصادی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ، براہ راست فضائی رابطوں کے قیام اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر اتفاق اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ایک آزاد ریاست کے قیام کی حمایت اور علاقائی و عالمی امور پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب وزیراعظم ہاﺅس میں منعقد ہوئی۔وزیراعظم ہاﺅس آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان مصافحہ اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مالدیپ کے صدر کو سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔سلامی کے چبوترے پر مالدیپ کے صدر کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔مالدیپ کے صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے ارکان اور وزیراعظم ہاﺅس کے اعلیٰ حکام کا مالدیپ کے صدر کے ساتھ تعارف کرایا۔مالدیپ کے صدر نے اس موقع پر اپنے وفد کا وزیر اعظم سے تعارف کرایا۔مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم ہاﺅس کے سبزہ زار میں پودا لگایا اور دونوں ملکوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی ۔ بعد ازاں کستان اور مالدیپ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی،ڈیجیٹل سکلز، صحت، تعلیم، دفاع، بحری سلامتی، زراعت، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمت کی 20 یادداشتوں (ایم او یوز)پر دستخط کئے ،ان ایم او یوز پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران دستخط کیے گئے جو دو طرفہ سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ کے موقع پر 11 برسوں میں مالدیپ کے کسی صدر کا پہلا دورہ ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر ڈاکٹر محمد معیزو بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ دونوں ممالک کے نمائندوں نے پہلے سے دستخط شدہ دستاویزات کا تبادلہ کیا۔دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کی یادداشتوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتوں اور ٹیکنالوجی و جدت کے شعبوں میں تعاون، منشیات اور ان کی تیار میں استعمال ہونے والے کیمیائی اجزا کی غیر قانونی سمگلنگ و استعمال کی روک تھام اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔صحت کے شعبے میں پاکستان کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ)اور مالدیپ فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے درمیان تعاون، طبی ماہرین کی بھرتی اور دفاعی تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشتیں بھی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بحری سلامتی، زرعی تعاون اور ماہی گیری کے شعبوں میں بھی تعاون کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ نے 20 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کا تبادلہ کیا ہے جو دوطرفہ تعلقات کے مختلف شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان معاہدوں کو محض دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے بروقت فیصلوں اور تیز رفتار عمل درآمد کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تجارتی حجم ان کی حقیقی صلاحیت اور امکانات کی عکاسی نہیں کرتا، اس وقت دوطرفہ تجارت تقریباً 13.9 ملین ڈالر ہے تاہم دونوں ممالک کی قیادت نے بات چیت کے دوران اسے آئندہ دو سال میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے مالدیپ کے صدر کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ کوششوں سے اس ہدف کے حصول کے لیے کام کریں گے۔انہوں نے مالدیپ میں پانچ سال کے دوران 50 لاکھ درخت لگانے کے ہدف میں معاونت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے ایک لاکھ زیتون کی قلمیں اور مختلف اقسام کے ایک لاکھ بیج فراہم کرے گا، یہ معاونت باہمی مشاورت سے فراہم کی جائے گی۔وزیراعظم نے مالدیپ میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس شعبے میں اپنی تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتیں مالدیپ کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی مختلف مقامات پر ڈیٹا سینٹرز قائم کیے گئے ہیں اور اس شعبے میں حاصل ہونے والا تجربہ مالدیپ کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین کے مسئلے پر پاکستان کے اصولی مقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ بھی فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتا ہے اور پاکستان اس مقصد کے لیے اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازعے پر پاکستان کے اصولی موقف سے مالدیپ کے صدر کو آگاہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعے کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد اور حق خودارادیت کی حمایت سفارتی ذرائع اور تمام بین الاقوامی فورمز پر جاری رکھے گا تاکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے یکطرفہ بھارتی فیصلے پر پاکستان کے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر نافذ العمل معاہدوں کا احترام لازم اور ضروری ہے اور مشترکہ آبی وسائل کو ہتھیار کے طور استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف بین الاقوامی فورمز پر واضح کر چکا ہے کہ پانی اس کے لیے ایک ریڈ لائن ہے، پانی زندگی، تجارت، خوشحالی اور ترقی کا ذریعہ ہونا چاہیے نہ کہ دھمکیوں اور تنازعات کا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پانی انسانیت کی بقا کے لیے ناگزیر ہے بالخصوص زیریں علاقوں میں رہنے والی آبادیوں کے لیے اس کی اہمیت بنیادی نوعیت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی بھی خلاف ورزی کو پاکستان جنگی اقدام تصور کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مالدیپ کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی سمت اور رفتار دے گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی اور گوادر کے ساحلوں کو چھونے والا وہی سمندر مالدیپ کے جزائر سے بھی جڑا ہوا ہے اور صدیوں سے دونوں خطوں کے درمیان تاجر، علما کرام اور مسافر اسی سمندری راستے سے ایک دوسرے کے علاقوں تک پہنچتے رہے ہیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور مالدیپ مل کر اپنی دوستی کا نیا اور مضبوط باب رقم کریں گے۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کا دورہ کرنا ان کے لیے باعث مسرت اور اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 60 سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ چھ دہائیاں گرمجوش دوستی، مشترکہ عقیدے، باہمی تفہیم اور مشترکہ نقطہ نظر کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دہائی کے وقفے کے بعد ان کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کو ماضی کی دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور مستقبل کی شراکت داری کے لیے نئی سمت متعین کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ ان کے مذاکرات وسیع اور نتیجہ خیز رہے جن میں دونوں ممالک نے تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کرنے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید وسیع، متحرک اور عوام کے لیے براہ راست مفید بنانے کے امکانات موجود ہیں۔صدر محمد معیزو نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 20 مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ صحت، تعلیم، ماہی گیری، زراعت، نوجوانوں، فنون، اسلامی امور، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پولیس اور دفاع سمیت متعدد اہم شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولے گا تاہم معاہدوں کی اصل اہمیت ان پر عمل درآمد اور دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچانے میں ہے۔صدر محمد معیزو نے دوطرفہ تجارت کو آئندہ دو سال میں 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کے ہدف کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے غیرمعمولی اقتصادی امکانات رکھتے ہیں، دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے، سیاحت کے فروغ اور باہمی رابطوں کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مالدیپ۔پاکستان بزنس فورم دونوں ممالک کے کاروباری رہنماﺅں، سرمایہ کاروں اور جدت طرازوں کو ایک جگہ جمع کرنے کا موقع فراہم کرے گا جہاں باہمی دوستی اور مفاہمت کو باہمی فائدے کی سرمایہ کاری اور شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز کے لیے جاری بات چیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ براہ راست فضائی رابطے سیاحت کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت بھی دونوں ممالک کے لیے تعاون کا اہم شعبہ ہے جہاں مشترکہ اقدار اور تجربات کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو دونوں ممالک کا مستقبل قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مالدیپ کے طلبہ، کھلاڑیوں، کوچز اور نوجوان پیشہ ور افراد کو وظائف، تربیت اور دیگر مواقع فراہم کرنے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نوجوانوں کے تبادلے، مہارتوں کی ترقی، کاروباری سرگرمیوں، جدت، قیادت اور مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور مستقبل کی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔صحت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے مالدیپ کے صدر نے کہا کہ ہم نے مالدیپ کے طلبہ اور طبی ماہرین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے پر بات کی،اس ضمن میں پاکستان کے تکنیکی معاونت پروگرام کے تحت ایم بی بی ایس کی نشستوں میں اضافے اور مالدیپ کے میڈیکل گریجویٹس کے لیے پاکستان میں انٹرن شپ کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔صدر محمد معیزو نے موسمیاتی تبدیلی کو عالمی سطح پر ایک بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے لیے یہ محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ اس کی سلامتی، ترقی اور مستقبل سے براہ راست جڑا ہوا معاملہ ہے۔ انہوں نے تحفظ ماحول، ویسٹ مینجمنٹ، قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے مالدیپ میں پانچ سال کے دوران 50 لاکھ درخت لگانے کے ہدف میں مدد کے لیے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے یہ تعاون مالدیپ کے ماحولیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے پولیسنگ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، فنی و پیشہ ورانہ تعلیم اور ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)اور دیگر علاقائی و عالمی فورمز پر مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔انہوں نے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک)کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مالدیپ تنظیم کی صلاحیت اور خطے کے مشترکہ مسائل کے حل میں اس کے کردار پر یقین رکھتا ہے، مالدیپ سارک کی بحالی کے لیے تعمیری اور فعال کردار ادا کرنے اور تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر اگلی سارک سربراہی کانفرنس جلد از جلد منعقد کرنے کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔صدر محمد معیزو نے فلسطینی عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حق خودارادیت اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی۔ انہوں نے مشرق وسطی میں جاری بحران کے تناظر میں مکالمے، کشیدگی میں کمی، انسانی امداد اور منصفانہ و پائیدار امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی، مشترکہ عقیدہ، علم کا تبادلہ اور باہمی احترام تعلقات کو مضبوطی اور پائیداری فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چھ دہائیوں سے مالدیپ کا قابل اعتماد دوست رہا ہے اور دونوں ممالک نے اپنی دیرینہ دوستی کی بنیاد پر شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہونے کا عزم کیا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کے لیے مزید مواقع، خوشحالی اور فوائد کا باعث بنے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور مالدیپ کی دوستی آنے والی نسلوں تک فروغ پاتی رہے گی۔ دریں اثنا مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کو عوامی خدمات،ادارہ جاتی اور سماجی و معاشی ترقی میں ان کے اہم کردار پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی جانب سے سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری عطا کی گئی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر کو یہ اعزازی ڈگری وزیراعظم ہاﺅس میں منعقدہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے 13 ویں خصوصی کانووکیشن میں عطا کی۔ مالدیپ کے صدر نے اسلامی یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کرنے پر پاکستان کی حکومت اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا۔
