دہشتگرد، بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، شہبازشریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگرد، بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ اپنے بیان میں وزیرِ اعظم نے گوادر میں دہشتگردی کی کارروائیوں کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ۔وزیرِ اعظم نے دہشتگردوں کے حملے کے دوران ایک شہری کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ۔وزیرِ اعظم نے شہید کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا ءکی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیکیورٹی فورسز کے فرض شناس و بہادر افسران اور جوانوں نے گوادر شہر اور گبد بارڈر کراسنگ کے اطراف دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دئیے۔ شہبازشریف نے کہاکہ دہشتگرد، بلوچستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں،فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم نے بتایاکہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
