dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

گوادر میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، دس دہشت گرد ہلاک، ایک شہری شہید،آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکورٹی فورسز نے "فتنہ الہندوستان" کے بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی کارروائیوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون سمیت دس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ایک شہری شہید چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 22 اکتوبر 2026 کو بھارت کے سرپرستی یافتہ "فتنہ الہندوستان" کے دہشت گردوں نے ضلع گوادر میں گبد بارڈر کراسنگ اور گوادر شہر کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔ ان مقامات کو نشانہ بنا کر دہشت گرد دراصل انہی لوگوں کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں، اور بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے تھے۔ رہائشیوں کے تحفظ اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور گردونواح میں کلیئرنس آپریشن شروع کیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، الگ الگ کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے عزائم اور ریاست کی رٹ کو کمزور کرنے اور اپنا مسخ شدہ ایجنڈا پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک خاتون سمیت دس دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد حملوں کے دوران ایک شہری نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ چند گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ آپریشن سیکیورٹی فورسز کو کسی بھی نقصان کے بغیر مکمل ہوا اور امن و ریاست کی رٹ بحال کر دی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس حملے میں ایک بلوچ خاتون کو جبراً استعمال کرنا نہ صرف ریاست کے خلاف بلکہ بلوچ خواتین کی حرمت کے خلاف بھی جرم ہے۔ اس سے دہشت گردوں کی جانب سے بلوچ خواتین کے مکارانہ استحصال کا پردہ چاک ہوتا ہے، جنہیں وہ پروپیگنڈے کے آلے کے طور پر استعمال کر کے عوامی جذبات بھڑکانا اور اپنی مہم کو جھوٹا تقدس دینا چاہتے ہیں۔ ایسے ہتھکنڈے بلوچی اور اسلامی روایات کے منافی ہیں، جن میں خواتین کو اعلیٰ ترین عزت و احترام دیا جاتا ہے۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ ان عناصر کو مسترد کیا ہے جو ان کے نام پر خون بہاتے ہیں، اور وہ اس فریب کو بھی بھانپ لیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق، وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے "عزمِ استحکام" کے وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More