دہشت گرد بلوچستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، حاجی علی مدد جتک
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے گوادر میں دہشت گردی کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور م¶ثر کارروائی کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ گوادر میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے جس جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت کارروائی کے ذریعے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا سیکیورٹی فورسز کی مستعدی اور قومی سلامتی کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دہشت گردی کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے اور صوبے کی ترقی کے سفر کو روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ناگزیر ہے۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان کی ترقی، معاشی استحکام اور عوام کے روشن مستقبل کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔حاجی علی مدد جتک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد، عوامی یکجہتی اور سیکیورٹی اداروں کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا امن اور عوام کی خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور صوبے کو پرامن، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے تمام محبِ وطن قوتیں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
