ہائیکورٹ انتظامیہ کے اختیارات اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتی، آئینی عدالت کا اہم فیصلہ
وفاقی آئینی عدالت نے عدالتی نظرثانی اور انتظامیہ کے اختیارات کی آئینی حدود سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ہائیکورٹ انتظامی اقدامات کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے سکتی ہے، تاہم عام حالات میں انتظامیہ کی جگہ خود فیصلے نہیں کرسکتی۔ عدالت نے پولیس افسر منیر سامو کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرکے منظور کرلیا اور سندھ ہائیکورٹ کے لاڑکانہ سرکٹ کا 30 جون 2026 کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔جسٹس روزی خان بریچ کی جانب سے تحریر کردہ 10 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے درمیان اختیارات کی تقسیم کے اصول پر قائم ہے۔ قانون سازی مقننہ، قوانین پر عمل درآمد انتظامیہ اور قانون کی تشریح عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ ریاست کا کوئی ادارہ دوسرے ادارے کے آئینی دائرہ اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا۔دو رکنی بینچ میں جسٹس روزی خان بریچ اور جسٹس سید ارشد حسین شاہ شامل تھے۔ مقدمے کا تعلق سندھ ہائیکورٹ کے ان احکامات سے تھا جن کے تحت منیر سامو کو فوری طور پر اسپیشل برانچ سے ہٹانے، ایک سال تک کراچی میں تعینات رکھنے، آپریشنل یا فیلڈ ڈیوٹی نہ دینے اور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کرکے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے مطابق ہائیکورٹ کی ہدایت پر ہونے والی پہلی انکوائری میں مبینہ چھاپے کے معاملے میں منیر سامو کا کردار ثابت نہیں ہوا تھا۔ انکوائری میں ان کا کردار گروپ افسر کی حیثیت سے انٹیلی جنس رپورٹس جاری کرنے تک محدود پایا گیا، جبکہ انکوائری افسر نے اس مرحلے پر ان کے خلاف مزید کارروائی کی سفارش نہیں کی تھی۔فیصلے میں بتایا گیا کہ ہائیکورٹ نے پہلی انکوائری پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ کو دوبارہ انکوائری کرنے کا حکم دیا تھا۔ دوسری انکوائری کا مقصد الزامات کا منصفانہ، غیر جانب دارانہ اور جامع جائزہ لینا تھا، تاہم ہائیکورٹ نے افسر کے خلاف احکامات جاری کرتے وقت دوسری انکوائری کے اہم نتائج کو مناسب طور پر مدنظر نہیں رکھا۔عدالت نے قرار دیا کہ اپنی ہی ہدایت پر ہونے والی انکوائری کے نتائج کو نظرانداز کرنا ایک اہم قانونی معاملہ ہے۔ کسی سرکاری ملازم کے خلاف منفی انتظامی یا تادیبی اقدام کا تعلق متعلقہ ریکارڈ اور انکوائری کے نتائج سے ثابت ہونا چاہیے۔ آئینی اختیار قیاس آرائیوں، مفروضوں یا ریکارڈ سے غیر متعلق بنیادوں پر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔فیصلے میں کہا گیا کہ ملازمین کی تعیناتی، فرائض کی تقسیم اور تادیبی امور کے بارے میں فیصلہ کرنا متعلقہ قانون کے تحت مجاز انتظامی حکام کا اختیار ہے۔ ہائیکورٹ کے احکامات محض قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت تک محدود نہیں رہے بلکہ عدالت نے خود افسر کی تعیناتی، فرائض پر پابندی اور تادیبی کارروائی کی نوعیت بھی متعین کردی تھی۔وفاقی آئینی عدالت کے مطابق مقدمے کے حالات میں یہ احکامات عدالتی نظرثانی کی جائز حدود سے تجاوز کرتے تھے۔ پالیسی سازی، قواعدِ کار اور روزمرہ انتظامی معاملات انتظامیہ کے دائر? اختیار میں آتے ہیں، جبکہ آرٹیکل 199 کے تحت ہائیکورٹ کا اختیار انتظامی اقدامات کی نگرانی اور غیر قانونی فیصلوں کی اصلاح کے لیے ہے۔ یہ اختیار عام حالات میں انتظامی حکام کے فیصلہ سازی کے اختیارات سنبھالنے کی اجازت نہیں دیتا۔عدالت نے واضح کیا کہ اگر کوئی انتظامی افسر اپنے اختیار سے تجاوز کرے، قانونی ذمہ داری ادا نہ کرے یا قانون میں مقررہ طریق? کار سے نمایاں انحراف ہو تو عدالتی مداخلت کی جاسکتی ہے۔ تاہم اس کے لیے ٹھوس قانونی بنیاد اور کسی مخصوص، قابلِ نفاذ آئینی یا قانونی حق کی خلاف ورزی کا سامنے آنا ضروری ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ سرکاری ملازم کا تبادلہ اصولی طور پر مجاز انتظامی اتھارٹی کا اختیار ہے، البتہ غیر معمولی حالات میں عدالت مداخلت کرسکتی ہے۔ محکمانہ انکوائری کا مقصد یہ جانچنا ہوتا ہے کہ بدعملی کا بادی النظر میں مقدمہ بنتا ہے یا نہیں۔ کسی ملازم کو قصوروار قرار دینے سے پہلے اسے وضاحت پیش کرنے اور الزامات کا مقابلہ کرنے کا منصفانہ موقع دینا ضروری ہے۔وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ منصفانہ انکوائری اور مو¿ثر حقِ سماعت کو آئین کے آرٹیکل 4 اور 10 اے کا تحفظ حاصل ہے۔ آرٹیکل 4 ہر شہری کو قانون کے تحفظ اور قانون کے مطابق سلوک کا حق دیتا ہے، جبکہ آرٹیکل 10 اے منصفانہ سماعت اور قانونی عمل کے تحفظ سے متعلق ہے۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 9 کے تحت حقِ زندگی میں روزگار کا حق بھی شامل ہے، اس لیے کسی سرکاری ملازم کو قانون کے مطابق ملازمت اور خدمات انجام دینے کے حق سے محروم کرنا اس کے حقِ روزگار کو متاثر کرسکتا ہے۔ اسی طرح آرٹیکل 14 انسانی وقار اور آرٹیکل 25 قانون کے سامنے مساوات کا تحفظ فراہم کرتا ہے۔عدالت کے مطابق انتظامی اور تادیبی اقدامات قانونی، منصفانہ اور متناسب ہونے چاہییں۔ وفاقی آئینی عدالت نے منیر سامو کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرکے منظور کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ لاڑکانہ سرکٹ کا 30 جون 2026 کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
