طالبان کمانڈرز اور بلیک مارکیٹ کے ذریعے اسلحہ دہشت گردوں کو منتقل ہو رہا ہے، ریئل کلیئر ڈیفنس
امریکی جریدے ریئل کلیئر ڈیفنس نے افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی اسلحے، دہشت گردی اور پاکستان کی سلامتی پر تفصیلی جائزہ میں کہا ہے کہ افغانستان میں 7.12 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی سازوسامان طالبان رجیم کے اقتدار میں آنے کے وقت موجود تھا اورطالبان کمانڈرز اور بلیک مارکیٹ کے ذریعے اسلحہ دہشت گردوں کو منتقل ہو رہا ہے۔رئیل کلیئر ڈیفنس کی رپورٹ کے مطابق امریکی انخلا کے 5 سال بعد امریکی ساختہ ہتھیار پاکستان پر حملے کرنے والے دہشت گردوں کی صلاحیت بڑھا رہے ہیں۔ افغانستان میں 7.12 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی سازوسامان طالبان رجیم کے اقتدار میں آنے کے وقت موجود تھا۔ افغانستان میں 3 لاکھ سے زائد ہتھیار، 40 ہزار سے زائد فوجی گاڑیاں اور 78 طیارے امریکی انخلا کے بعد اسلحے کے ذخیرے کا حصہ رہے۔ ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی مانیٹرنگ ٹیم رپورٹ میں طالبان کمانڈروں کی جانب سے فتنة الخوارج کو جدید اسلحہ فراہم کرنے کی نشاندہی کی گئی۔فتنة الخوارج کو فراہم کیے جانے والے جدید ہتھیاروں میں ایم 24 اسنائپر رائفلز، ٹیلی اسکوپ سے لیس ایم 4 رائفلز اور تھرمل سائٹس سے لیس ایم 16 رائفلز شامل ہیں۔ جدید ہتھیاروں کی دستیابی دہشت گرد تنظیموں کی عملی صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے۔ ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق طالبان کمانڈرز اور بلیک مارکیٹ کے ذریعے اسلحہ دہشت گردوں کو منتقل ہو رہا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں سے برآمد 63 ہتھیاروں کے سیریل نمبرز سے ان کا امریکی اسلحہ سپلائرز سے تعلق ثابت ہو چکا ہے۔ جعفر ایکسپریس حملے کے بعد فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں سے امریکی M4A1 رائفلز برآمد ہوئیں۔ ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق نائٹ وژن آلات نے فتنة الخوارج کے حملوں کو مزید مہلک بنا دیا۔ طالبان رجیم کی واپسی کے بعد سے افغانستان میں فتنة الخوارج، القاعدہ اور داعش خراسان سرگرم ہیں۔ جدید ہتھیار اور سرحد پار دہشت گردی کی پناہ گاہیں پاکستان کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔ پاکستان میں 2025 کے دوران 699 دہشت گرد حملے ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ تھے۔ ریئل کلیئر ڈیفنس کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں پر پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں کشیدگی بڑھائی۔ افغان سرزمین سے سرحد پار دہشت گردی کے باعث 2026 میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوجی تصادم ہوا۔ امریکا کو علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر غیر قانونی اسلحہ تجارت کی مالی معاونت اور ترسیلی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔
