dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، انشا اللہ قائم و دائم رہے گا ،حنیف عباسی

وزیرریلویز حنیف عباسی نے کہاہے کہ پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا اور ملک ان شا اللہ قائم و دائم رہے گا ،سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی کو مقدم رکھنا ہوگا۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ذاتی مفادات کے لیے ہم روز پاکستان کو برا بھلا کہتے ہیں حالانکہ اسی ملک سے فائدہ بھی حاصل کرتے ہیں اور اسی کے وسائل سے مستفید ہوتے ہیں ،سیاسی بلیک میلنگ کی ایسی صورتِ حال پیدا کر دی گئی ہے کہ دنیا میں موجود بلیک میلر بھی شاید ہمارے ہاں ہونے والی بلیک میلنگ پر حیران رہ جائیں۔وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کے خلاف ذاتی مفادات کی خاطر غیرمناسب زبان استعمال کرنا مناسب نہیں، بعض لوگ اس ملک کو بھول جاتے ہیں جس نے انہیں عزت مقام اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے۔انہوں نے کہاکہ قرآن کی آیات اور احادیث کو اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے استعمال نہ کیا جائے اسلام کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنا درست طرزعمل نہیں ، افسوس کی بات ہے جب ذاتی مفادات کو نقصان پہنچتا ہے تو پاکستان ہی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا جاتا ہے۔انہوں نے شہدا وطن کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس شہید کا ہے جس نے اس کے لیے اپنا خون دیا، اس بیوہ کا ہے جس نے اپنا شوہر کھویا، اس شہید کی ماں کا ہے جس نے اپنا لختِ جگر قربان کیا، اور ان بچوں کا ہے جنہوں نے اپنے والد کو اس ملک کے لیے قربان ہوتے دیکھا ،پاکستان صرف ان لوگوں کا نہیں جنہوں نے اقتدار کی کرسی سے اپنے لیے دولت اور وسائل جمع کیے، یہ ان کروڑوں پاکستانیوں کا ہے جو اس ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ ان فوجی جوانوں کا پاکستان ہے جو سینہ تان کر سرحدوں پر کھڑے ہیں، ان غازیوں کا ہے جو دشمن کا مقابلہ کرتے ہیں اور ان شہدا کا ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں جیلوں میں ڈالا گیا، انتخابات سے چند روز پہلے ہمیں گرفتار کیا گی ،ہم نے سیاسی مشکلات اور پابندیوں کا سامنا کیا لیکن ان سب باتوں کا مطلب یہ نہیں کہ ہم اس پاکستان کو بھول جائیں جس نے ہمیں عزت دی، ہم اپنے ذاتی مفادات کے لیے اس ملک کو نہیں بھول سکتے۔ ہم اپنی جان قربان کر سکتے ہیں، لیکن پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی ختم نہیں کر سکتے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ سیاسی تعلقات اور اختلافات وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں،بعض لوگ کل تک ایک دوسرے کے خلاف تھے اور آج ایک دوسرے کے سیاسی اتحادی بن جاتے ہیں،یہی صورتِ حال مولانا فضل الرحمن صاحب کے حوالے سے بھی دیکھی جا سکتی ہے، جن کے ساتھ مختلف ادوار میں سیاسی تعاون بھی رہا اور اختلافات بھی ،اقتدار کی ہوس اور سیاسی مخالفت میں ہم بعض اوقات ان اصولوں کو بھی بھول جاتے ہیں جن کا احترام ضروری ہے سیاسی اختلافات کے باوجود قومی اداروں اور ان افراد کے بارے میں بات کرتے ہوئے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔حنیف عباسی نے کہاکہ انہیں اپوزیشن کے رہنماﺅں کے وہ تقریریں بھی یاد ہیں جن میں فوج کے مقابلے کے لیے اپنی فوج بنانے اور اس سے لڑنے کی بات کی گئی تھی، آج انہیں طالبان کے خلاف کارروائیوں پر اعتراضات ہیں پاکستان کے معاملے میں ایک واضح اور مستقل قومی موقف اختیار کیا جائے تاکہ یہ محسوس ہو کہ ہم سب اندر سے بھی پاکستانی ہیں اور باہر سے بھی۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن صاحب نے بھی شہدا کے حوالے سے بات کی، شہیدوں کو سیاسی تقسیم کا موضوع کیوں بنایا جا رہا ہے؟ شہادت کسی ایک سیاسی جماعت کی ملکیت نہیں ہوتی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ان شا اللہ قائم و دائم رہے گا، یہ کہنا کہ پاکستان کشمیر، بلوچستان، سندھ یا کسی دوسرے علاقے کو کھو دے گا، محض سیاسی بیانات کا معاملہ نہیں ہمیں اس نوعیت کی گفتگو کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور ملکی مفادات کو سامنے رکھنا چاہیے ہمیں اپنے ملک کو درست نگاہ سے دیکھنا چاہیے اور ان خطرات کو سمجھنا چاہیے جو پاکستان کو درپیش ہیں لیکن ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کا حقیقی دشمن کون ہے اور کون اس کے استحکام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی سطح پر ہونے والی ملاقاتوں اور پاکستان کے سفارتی کردار کو دیکھتے ہوئے ہمیں یہ نہیں کہنا چاہیے کہ پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہے یا اس کا کوئی کردار نہیں رہا۔ ہم ان شا اللہ ترقی کریں گے اور دنیا کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ ہماری مسلح افواج میں بلوچ، کشمیری، سندھی، پنجابی، سرائیکی اور پشتون سمیت پاکستان کی تمام اکائیوں کے لوگ شامل ہیں۔ یہ فوج پورے پاکستان کی نمائندگی کرتی ہے۔ ہمارے جوان مختلف علاقوں اور قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں، لیکن جب وہ وطن کے دفاع کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو ان کی شناخت سب سے پہلے پاکستانی ہوتی ہے ہمیں ان جوانوں کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے۔ وہ دشوار گزار پہاڑوں، چٹانوں اور خطرناک علاقوں میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہیں اور اپنی جانیں خطرے میں ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور حمایت اور وسائل فراہم کرنا ضروری ہے جب ریاستی ادارے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہیں تو ان کے ساتھ کھڑا ہونا بھی ہماری ذمہ داری ہے خیبر پختونخوا پولیس آج دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے اور ان شا اللہ یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ دین کو سیاست اور ذاتی مفادات کے لیے استعمال نہ کیا جائے جب مذہب کو سیاسی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تو معاشرے میں مذہبی تقسیم اور کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے تمام سیاسی جماعتوں کا پاکستان کے بارے میں ایک مشترکہ قومی مفاد ہونا چاہیے۔ ہماری جماعتیں مختلف ہو سکتی ہیں، ہمارے نظریات مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن پاکستان کے استحکام، سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے ہمیں ایک ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کی ایٹمی طاقت ہونے کااعزاز اور کامیابی کسی ایک فرد یا ادارے تک محدود نہیں تھی اس میں سائنس دانوں، انجینئروں، سول قیادت، عسکری اداروں اور پوری قوم کی کوششیں شامل تھیں ہمیں اس قومی کامیابی کو بھی سیاسی تقسیم کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔ پشتون، سندھی، بلوچ، پنجابی، سرائیکی یا کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے سے تقسیم کرنے کی کوشش نہیں ہونی چاہیے۔ اگر کوئی پشتونوں کے حقوق کی بات کرتا ہے تو وہ بھی پاکستان کے مفاد میں ہو سکتی ہے۔ اسی طرح پنجابی، سندھی، بلوچ اور دیگر قومیتوں کے حقوق کی بات کرنا بھی ہمارا حق ہے۔ ہم سب ایک ہیں، اور ہمیں مل کر پاکستان کے مفادات کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو تقسیم کرنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ یہ ملک ان شا اللہ قائم و دائم رہے گا ہمیں سیاسی اختلافات کے باوجود ملکی سلامتی، خودمختاری اور قومی یکجہتی کو مقدم رکھنا ہوگا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More