پاکستان اور سنگاپور کا دوستانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطح پر تعاون کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کے دوران کیا، جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیراعظم نے سنگاپور کی غیرمعمولی اقتصادی ترقی، جدت طرازی اور مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنگاپور کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ASEAN سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے علاوہ ڈیجیٹل معیشت، فن ٹیک، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں اور خدمات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے، کاروباری روابط کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیر خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر مسلسل رابطوں اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور سنگاپور رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان چھ دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات اور باہمی اعتماد کا مظہر ہے۔ اس تاریخی موقع کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعاون کے نئے دور کے آغاز کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
