سائبر سکیورٹی اور سوشل میڈیا آگاہی کےلئے قومی کونسل قائم کرنے کی ضرورت ہے ، عطاءتارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نیشنل سائبر سیکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دیتے ہوئے کہاہے کہ غلط معلومات اور فیک نیوز آج کے دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے،ڈیجیٹل خواندگی کو نصاب کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے،مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی لیبلنگ لازمی قرار دینا ہو گی،بچوں کو سوشل میڈیا کے غیر محفوظ استعمال سے بچنے کے طریقے سکھانا ہوں گے،نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کام شروع کر دیا ہے اور اس سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو بھی مدد ملے گی، شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مسائل کے حل بھی فراہم کئے جائیں تو یہ ایک بڑی قومی خدمت ہوگی۔ وہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے زیر اہتمام Building a Safe, Secure and Resilient Cyberspaceکے موضوع پر سائبر سکیورٹی آگاہی ہفتہ 2026کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر)حفیظ الرحمان، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کے ریذیڈنٹ نمائندے ڈاکٹر سیموئل رزک، یو این ڈی پی کے بابر یعقوب فتح محمد، چیئرپرسن پیمرا عنبرین جان سمیت مختلف ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غلط معلومات کا پھیلاﺅ اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات موجودہ دور کا بڑا چیلنج ہیں، ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر عالمی رہنماں سے جب موجودہ دور کے سب سے بڑے خطرے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے جوہری جنگ یا موسمیاتی تبدیلی کے بجائے غلط معلومات کے پھیلا ﺅاور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے میڈیا منظرنامے اور تیزی سے بدلتے ہوتے ڈیجیٹل ماحول کو سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں دو بڑی تبدیلیاں رونما ہوئیں، پہلے روایتی میڈیا کا دور تھا جس میں پرنٹ میڈیا اور ریڈیو شامل تھے جبکہ 2000کی دہائی کے آغاز میں نجی ٹیلی ویژن چینلز کا آغاز ہوا، میڈیا کے اس ارتقا کا عمل انتہائی فطری انداز میں آگے بڑھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میڈیا ارتقا کے ساتھ ریگولیٹری فریم ورک بھی وجود میں آئے اور ہم پالیسی سازی، اس پر عملدرآمد اور نگرانی کے لئے تیار تھے تاہم سوشل میڈیا کی آمد اور ڈیجیٹل منظرنامے میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے باعث ملک اور معاشرہ اس نئے ماحول اور تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں تھا چنانچہ ہم اس رفتار کا ساتھ نہ دے سکے اور اسی وجہ سے موثر ضابطہ کار فریم قائم نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب ضابطہ کار فریم ورک موجود نہ ہوں تو قوانین اور ضوابط پر عمل درآمد بھی ایک بڑا چیلنج بن جاتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پی ٹی اے اور یو این ڈی پی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پالیسی سازی، ضابطہ سازی، عمل درآمد اور عوامی آگاہی کے حوالے سے قابل قدر کام کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف ایک ہفتے کی آگاہی مہم کافی نہیں، اس کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر اب ہمارے پاس نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی اور سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے ادارے بھی ارتقائی مراحل سے گزر رہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ چیلنجز اور خطرات بھی بڑھ رہے ہیں جن سے نمٹنے کے لئے ایک مربوط اور جامع اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی کا مطلب صرف سوشل میڈیا یا ٹیلی ویژن پر مہمات چلانا یا صارفین کو یہ بتانا نہیں کہ انہیں کیا کرنا اور کیا نہیں کرنا چاہئے بلکہ آگاہی کے لئے پورے نظام میں جامع تبدیلی اور اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے نصاب میں ڈیجیٹل خواندگی کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں اس حوالے سے کافی کام ہو رہا ہے اور اب حقائق کی جانچ پڑتال (فیکٹ چیک) کے نظام بھی موجود ہیں۔ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے حوالے سے بھی وسیع پیمانے پر تحقیق جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل خواندگی کا کوئی یکساں نصاب موجود نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پرائمری، مڈل اور ہائی سکول کی سطح سے لے کر یونیورسٹیوں تک ڈیجیٹل خواندگی کا باقاعدہ نصاب متعارف کرایا جائے تاکہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا کے خطرات سے بہتر طور پر آگاہ کیا جا سکے اور انہیں ان چیلنجز سے نمٹنے کے طریقے بھی سکھائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا حل خود اسی مسئلے کے اندر موجود ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں کے پیش نظر تحقیق پر مبنی ایسا نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت نصاب بھی ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیز رفتار تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اپ ڈیٹ ہوتا رہے، یہ کام ناممکن نہیں ہے، ہم یہ ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی کو ہر شہری کے لئے لازمی قرار دیا جانا چاہئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں ڈیپ فیک اور مصنوعی ذہانت (اے آئی)کے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے اب تک صرف ٹک ٹاک نے اپنے مواد کے لئے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کی لیبلنگ لازمی قرار دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ریگولیٹری فریم ورک کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ اے آئی لیبلنگ لازمی ہو کیونکہ صارف کو معلوم ہونا چاہئے کہ وہ جو مواد دیکھ رہا ہے وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ڈیجیٹل لٹریسی کو ہر مہم، ہر نصاب اور ہر ادارے کا حصہ بنایا جائے، مسئلے کا حل اسی کے اندر موجود ہے۔ پاکستان کے ہر ادارے میں ڈیجیٹل لٹریسی سیل قائم ہونا چاہئے، ہمیں اپنے افسران کی تربیت بھی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسا دور ہے جہاں بڑے پیمانے پر آگاہی ہمیں درپیش مسئلے کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ آج کا دور مخصوص پیغام رسانی کا دور ہے، اس لئے ہم سب کے لئے ایک ہی پالیسی یا ایک ہی طریقہ کار اختیار نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا مہمات اور عوامی آگاہی اس انداز میں موثر ثابت نہیں ہوتیں، ہر صارف، ہر شہری چاہتا ہے کہ اس سے براہ راست مخاطب ہوا جائے، ہم اس وقت مائیکرو انفلوئنسرز کے دور میں رہ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی شعبے کے لیے مہم چلاتے وقت اس مخصوص طبقے کی تلاش ضروری ہے جہاں مائیکرو انفلوئنسرز موجود ہوں اور وہ اس پیغام کو پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اس لیے ہمیں یہ یقینی بنانا ہوگا کہ درست پیغام، درست فارمیٹ میں، درست نوعیت کے سامعین تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام کیسے کیا جا سکتا ہے؟ اس مسئلے کا حل خود سوشل میڈیا کے نظام میں موجود ہے کیونکہ مسئلے کا حل بھی اسی کے اندر پوشیدہ ہے۔ سائبر سکیورٹی کے حوالے سے ہمارے شہریوں میں سے کسی کو بھی اس بات کا ادراک نہیں کہ ایک کلک بھی ان کی نجی زندگی میں مداخلت کا باعث بن سکتا ہے۔ ایک کلک کے ذریعے وہ اپنا تمام ڈیٹا اس پلیٹ فارم کے حوالے کر سکتے ہیں جو وہ استعمال کر رہے ہیں۔ عطا اللہ تارڑ نے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل میں یہاں موجود تمام اداروں، متعلقہ صوبائی حکومتوں، وفاقی حکومت کی متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز بھی طلب کی جا سکتی ہیں ۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے یقین دہانی کرائی کہ اس کونسل کے قیام میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ سال بھر ہر سطح پر آگاہی پیدا کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے یو این ڈی پی کی جانب سے کیے گئے شاندار کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی وزارت اطلاعات و نشریات کا شراکت دار ہے اور اس کے تعاون سے مختلف تربیتی پروگرام بھی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی کے مختلف پہلوں اور اس سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے ہمیں زیادہ مربوط، ہم آہنگ اور حکومت کے تمام شعبوں پر مشتمل مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہری تک درست انداز میں رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم یہاں ایک مقصد کے تحت موجود ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر شہریوں میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ان مسائل کے حل بھی فراہم کئے جائیں تو یہ ایک بڑی قومی خدمت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات میں نئے شعبے قائم کیے گئے ہیں۔ جب وزارت کا چارج سنبھالا تھا تو ہمارا ڈیجیٹل سطح پر کوئی وجود نہیں تھا، وزارت اطلاعات میں پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا گیا جو اب ترقی کر رہا ہے، اسے اب علاقائی سطح تک لے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ہاں کارپوریٹ کلچر ہے، فیکٹ چیک کے نظام موجود ہیں اور ہماری انتہائی متحرک ٹیم ہے جس کے زیادہ تر ارکان کا تعلق جنریشن زی سے ہے اور وہ ان چیلنجز سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آگاہی پیدا کرنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں لیکن ہماری جانب سے بھی یہ کافی نہیں کیونکہ اگر ہم باہمی تعاون نہیں کریں گے اور زیادہ ہم آہنگی پیدا نہیں کریں گے تو ہم موثر نتائج حاصل نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اب ایک ادارے کی شکل اختیار کر چکی ہے، اس نے اپنا کام شروع کر دیا ہے، اس سے پی ٹی اے کو بھی بہت مدد ملے گی، پی ٹی اے، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت اطلاعات و نشریات کے درمیان اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ رابطے میں ہیں، اگر ان نئے اداروں خواہ وہ سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ہو یا این سی سی آئی اے، کو بھی اس کونسل کے ذریعے سہولت فراہم کی جا سکے تو یہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سیمینار کے اختتام پر ہم چند اجلاس بھی کر سکتے ہیں اور ایک یا دو ہفتے میں اس کونسل کے قیام کا اعلان کر سکتے ہیں تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو زیادہ محفوظ بنا سکیں۔
