dailytalatumnewsquetta.com
Dailytalatumnewsquetta

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 17 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں آپریشنز یکم نومبر کو کیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ اس دوران دہشت گردوں کی جانب سے شہر میں ناکہ بندی کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 10 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع خاران میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور مو¿ثر کارروائی کے دوران ٹھکانہ تباہ کر دیا گیا جس میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ کچھی اور خاران میں کیے گئے دونوں آپریشنز کے نتیجے میں مجموعی طور پر 17 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وڑن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن و استحکام کے لیے ان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔صدرِ مملکت نے ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانے کے لیے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مو¿ثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابلِ تحسین ہے۔آصف علی زرداری نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کامیاب کارروائی اور دہشت گردوں کی ہلاکت پر بھی سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سپاہی حکمت اللہ کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے شہید سپاہی کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔صدر زرداری نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کو قابلِ فخر قرار دیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More